عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)نے پیر کو پلوامہ، شوپیان اور کولگام اضلاع میں ایک “وائٹ کالر” ملی ٹینسی ماڈیول کے سلسلے میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے، جو دہلی کے لال قلعہ کے قریب کار دھماکے کے پیچھے تھا۔حکام نے یہاں بتایا کہ این آئی اے کی ٹیموں نے نائد گام شوپیان میں مولوی عرفان احمد وگے کے گھر کی تلاشی لی۔ وگے گزشتہ ماہ کے اوائل میں ‘وائٹ کالر’ ماڈیول کی بنیاد پرستی اور بھرتی کے ماسٹر مائنڈ کے طور پر ابھرا ہے۔اسے اکتوبر میں پولیس نے گرفتار کیا تھا، اور این آئی اے نے گزشتہ ماہ کار دھماکے کی تحقیقات سنبھالنے کے بعد اسے اپنی تحویل میں لے لیا ، جس میں 15 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔حکام نے بتایا کہ پلوامہ ضلع کے کوئل، چندگام، ملنگ پورہ اور سانبورہ علاقوں میں ڈاکٹر مزمل اور عامر رشید کے گھروں پربھی چھاپے مارے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ 8 مقامات دہلی کار دھماکہ کیس سے وابستہ لوگوں سے منسلک تھے۔مزید برآں، ایجنسی نے ڈاکٹر عدیل احمد راتھر کے گھر کی تلاشی لی، جنہیں نومبر کے پہلے ہفتے میں اتر پردیش کے سہارنپور سے گرفتار کیا گیا تھا۔ادھر این آئی اے نے لکھنو میں ڈاکٹر شاہین کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس دوران انکے والداور بھائیوں سے پوچھ تاچھ کی گئی۔انکے والد سعید انصاری اور بڑے بھائی پرویز سے تقریباً 2گھنٹے تک پوچھ تاچھ کی گئی۔این آئی اے نے پہلے ہی اس کیس کے سلسلے میں 6افراد کو حراست میں لیا ہے۔