عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//شمالی کشمیر میںگریز وادی میں لائن آف کنٹرول کے قریب بگتور علاقے میں جنگل میں لگی زبردست آگ اتوار کو مسلسل چوتھے دن میں داخل ہوئی، جس سے جنگلاتی زمین کا ایک بڑا حصہ تباہ ہو گیا اور کافی تعداد میں درختوں کو نقصان پہنچاہے۔حکام کے مطابق محکمہ جنگلات، محکمہ جنگلی حیات، فوج، جموں کشمیر پولیس اور مقامی رضاکاروں کی مشترکہ ٹیمیں آگ پر قابو پانے اور اسے قریبی علاقوں میں پھیلنے سے روکنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔حکام نے بتایا کہ آگ جنگل کے کمپارٹمنٹ 32 میں لگی، جو کنٹرول لائن کے قریب ایک دور دراز اور پہاڑی مقام ہے۔فاریسٹ حکام نے بتایا کہ پہاڑی علاقے نے آگ بجھانا انتہائی مشکل بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا، “مقام تک کوئی سڑک رابطہ نہیں ہے اور فائر ٹینڈر علاقے تک نہیں پہنچ سکتے، ٹیمیں آگ پر قابو پانے کے لیے مکمل طور پر دستی طریقوں پر انحصار کر رہی ہیں،” ۔