عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر /نیشنل کانفرنس کی مجلسِ عاملہ کا دو روزہ اہم اجلاس آج پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صدارت میں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوا، جس میں جموں و کشمیر اور لداخ کی موجودہ سیاسی و انتظامی صورتحال، عوامی مسائل، تنظیمی سرگرمیوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کا آغاز دہلی اور نوگام میں حالیہ دھماکوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی سے ہوا۔ کمیٹی نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان واقعات پر گہری تشویش ظاہر کی۔
شرکائے اجلاس نے اپنے اپنے علاقوں کے لوگوں کے بنیادی مسائل، بڑھتی ہوئی اقتصادی مشکلات، معاشی بے چینی، اور بے روزگاری کے سنگین چیلنجوں کو اجاگر کیا۔ اجلاس میں جاری تنظیمی سرگرمیوں اور پارٹی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہمیشہ چیلنجوں کا سامنا کیا ہے اور عوامی حمایت کے ذریعے ہر بار سرخرو ہوکر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے ساتھ زمینی سطح پر رابطہ مضبوط کریں اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے سرگرم رہیں۔
ورکنگ کمیٹی نے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی مکمل بحالی کے غیر متزلزل عزم کو دوبارہ دوہرایا اور کہا کہ یہ معاملہ لوگوں کی شناخت اور وقار سے جڑا ہے، جس میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔
کمیٹی نے حکومتِ ہند سے مطالبہ کیا کہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ فی الفور بحال کیا جائے، جیسا کہ پارلیمنٹ میں اعلان کیا گیا اور سپریم کورٹ نے بھی اس کی توثیق کی ہے۔
دہلی میں ہوئے حالیہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کمیٹی نے کہا کہ ایک مہذب معاشرے میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا۔
کمیٹی نے نوگام دھماکے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ایس او پی سے کسی بھی انحراف کی صورت میں ذمہ داری کا تعین ضروری ہے۔
کمیٹی نے دہلی و نوگام دھماکوں کے بعد ملک کی مختلف ریاستوں میں کشمیری طلبہ، تاجروں اور دیگر باشندوں کے ساتھ پیش آنے والے ہراسانی کے واقعات کی شدید مذمت کی۔ کمیٹی نے کہا کہ ہر کشمیری کو مشتبہ گرداننا غیر منصفانہ ہے، اور ریاستی حکومتوں کو ان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔
نیشنل کانفرنس نے اپنے منشور میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی عوامی مفادات کو ہمیشہ مقدم رکھے گی۔
ورکنگ کمیٹی نے متفقہ طور پر عمر عبداللہ کی قیادت میں کام کر رہی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے۔
اجلاس کے اختتام پر پارٹی قیادت نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آئندہ بھی جموں و کشمیر کے سیاسی حقوق، عوامی مفادات اور علاقائی استحکام کے لیے ہر سطح پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
اجلاس میں پارٹی کے نائب صدر و وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، معاون جنرل سکریٹری اجے کمار سدھوترا، نائب وزیر اعلیٰ سریندر سنگھ چودھری، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، وزراء سکینہ ایتو، جاوید احمد ڈار، ستیش شرما، اراکینِ پارلیمان میاں الطاف احمد، چودھری محمد رمضان، شمی اوبرائے، سجاد احمد کچلو، حاجی حنیفہ، صوبائی صدور ایڈوکیٹ رتن لعل گپتا، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر سمیت متعدد ممبرانِ مجلسِ عاملہ اور خصوصی مدعوین نے شرکت کی۔
نیشنل کانفرنس کی مجلسِ عاملہ کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر،سات اہم قراردادیں منظور