عظمیٰ نیوزسروس
رام بن//ڈپٹی کمشنر رام بن، محمد الیاس خان نے ضلعی سطح کی نارکو کوارڈی نیشن کمیٹی (این سی او آر ڈی) کے اجلاس کی صدارت کی جس میں انسداد منشیات کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور ضلع میں منشیات کے استعمال کو روکنے کے لیے کوآرڈینیشن کو تقویت دی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے انسداد منشیات مہم کو تیز کرنے کے لیے محکمہ وار مخصوص ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے بی ڈی اوزکو ہدایت دی کہ وہ ہر پنچایت میں ہفتہ میں دو بار بیداری اور IEC پروگرام منعقد کریں جس میں تمام اسٹیک ہولڈر ایجنسیوں کے فیلڈ عہدیداروں کی شمولیت، سول سوسائٹی کے ارکان، مذہبی رہنماؤں اور نوجوانوں کو شامل کیا جائے۔ڈی سی نے ڈرگ کنٹرول آرگنائزیشن کو ہدایت کی کہ وہ تمام کیمسٹ شاپس پر کڑی نظر رکھیں، سٹاک کی خرید و فروخت کے ریکارڈ کی نگرانی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ادویات کی غیر مجاز تقسیم یا غلط استعمال نہ ہو۔ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسیلٹی (اے ٹی ایف) کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے، ڈی سی نے سی ایم او کو ہدایت کی کہ وہ علاج کر رہے افراد کو مناسب طبی امداد، کونسلنگ اور فالو اپ کیئر فراہم کریں تاکہ ان کے معاشرے میں دوبارہ انضمام میں آسانی ہو۔ انہوں نے نافذ کرنے والے اداروں سے یہ بھی کہا کہ وہ کورئیر سنٹرز، طبی اداروں اور بحالی کی سہولیات کے مشترکہ معائنہ کے ساتھ ساتھ مشتبہ ڈیلیوری پر مسلسل چوکسی برقرار رکھیں تاکہ پارسل سروسز کے ذریعے ممنوعہ سائیکو ٹراپک مادوں کی اسمگلنگ کو روکا جا سکے۔