علیحدگی پسندوں کو نوازنے اور محبِ وطن افراد پر تشدد کرنے کا رواج مکمل طور پر بند:ایل جی سنہا
جموں// لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھ کے روز کہا’’76 برسوں سے آئین مساوات، آزادی اور سماجی اِنصاف کا مینار اور اِس عظیم ملک کے شہریوں کے لئے رہنما روشنی رہا ہے‘‘۔لیفٹیننٹ گورنر جموں میں ’یومِ آئین‘ کی تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے ’آئین کی تمہید‘ کو پڑھااور ہندوستان کے آئین کے بانیوں اور معماروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں پالیسی سازوں اور اَفسران پر زور دیا کہ وہ آئین کی اَقدار کو برقرار رکھیں اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور پاسداری کے لئے پُر عزم رہیں۔ منوج سِنہا نے کہا’’ہمارا آئین قابلِ احترام ہے جس نے ہندوستان کی ترقی کی راہ ہموار کی ہے ۔ ہمیں قومی یکجہتی اور سا لمیت کو برقرار رکھنا ہے۔ ہمیں معاشرے میں خوداعتمادی اور عزت نفس کا احساس پیدا کرنا ہوگا اور ہندوستان کو طاقتوراور خود اَنحصار بنانے کے لئے ہر ذرائع اور وسائل کو اِستعمال کرنا ہوگا‘‘۔انہوں نے کہا کہ 67برس کے طویل اِنتظار کے بعد 2019ء میں آئین کی تمام دفعات کو جموں و کشمیر پر مکمل طور پر لاگو کی گئیں جس سے امتیازی سلوک اور نااِنصافی کا خاتمہ ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،اَب جموں و کشمیر بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مرتب کردہ آئین میں درج مساوات، سماجی اور معاشی اِنصاف کے اصولوں کی رہنمائی میں آگے بڑھ رہا ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ پہلے دِن سے ہی جموں و کشمیر میں ان کا مشن یہ رہا ہے کہ وہ شہریوں کی زندگی بہتر بنائیں، امتیاز اور نااِنصافی کا خاتمہ کریں، دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ مرکزی سکیموں کے فوائد معاشرے کے نچلے طبقے تک پہنچیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا’’جو لوگ پوچھتے ہیں کہ گزشتہ 5برسوں میں کیا حاصل ہوا؟ میں اُنہیں بتانا چاہتا ہوں کہ علیحدگی پسندوں کو نوازنے اور محبِ وطن اَفراد پر تشدد کرنے کا رواج مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آئین کی تمام دفعات کے نفاذ کے ذریعے جموں و کشمیر کے ہر بھائی اور بہن کے لئے عزت، وقار اور فخر کو یقینی بنایا ہے‘‘۔آئین کو اَپنانے کے 75برس مکمل ہونے کے موقعے پر منعقدہ یوٹی سطح کی تقریب محکمہ ثقافت نے محکمہ قانون، انصاف و پارلیمانی امور کے اِشتراک سے منعقد کی۔