عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں گاڑیوں اور مختلف کار ڈیلروں کے پاس موجود ریکارڈز کی جانچ شروع کی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد گاڑیوں کی خرید و فروخت کو میں شفافیت کو یقینی بنایا اور گاڑیوں کے ممکنہ غلط استعمال کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران پولیس ٹیموں نے شورومز میں موجود گاڑیوں کی فزیکل جانچ کی اور فروخت، خریداری اور ملکیت کی منتقلی سے متعلق دستاویزات کا جائزہ لیا۔
ان کا کہنا ہے کہ خاص توجہ لین دین کے ریکارڈ کی درستگی کی جانچ، ملکیت کی بروقت منتقلی اور کسی بھی ایسی بے ضابطگی کی نشاندہی پر دی گئی جو غیر قانونی استعمال کا باعث بن سکتی ہو۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کار ڈیلروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ گاڑیوں کی تمام لین دین کا مکمل ، درست اور تازہ ریکارڈ رکھیں اور قانونی تقاضوں کی سختی سے پابندی کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس ٹیموں نے ڈیلروں کو ریکارڈ منظم رکھنے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا جو ضلع میں مجمموعی سیکورٹی نظام کو مضبوط بنانے میں معاون ہے۔ان کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی فزیکل جانچ اور ریکارڈ کی جانچ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی جو نگرانی میں اضافہ، قوانین پر عمل در آمد اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
شوپیاں میں گاڑیوں اور ڈیلر ریکارڈ کی جانچ شروع: پولیس