عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر پولیس نے بدھ کی صبح جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں 2 سو سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے۔یہ چھاپے کالعدم تنظیم جماعت اسلامی سے وابستہ ارکان اور معاونین کے گھروں پر مارے گئے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کالعدم تنظیم جماعت اسلامی کے خلاف بڑی کارروائی کے دوران کولگام پولیس نے بدھ کو ضلع بھر میں 2 سو سے زیادہ مقامات پر چھاپے مارے۔انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے کالعدم تنظیم جماعت اسلامی سے وابستہ ارکان اور معاونین کے گھروں پر مارے گئے تاکہ ملی ٹینسی کے نیٹ ورک اور اس کے زمینی سطح پر موجود معاون ڈھانچے کو ختم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا ہےگذشتہ 4 دنوں کے دوران ضلع کے مختلف علاقوں میں 4 سو سے زیادہ تلاشی آپریشنز انجام دئے گئے جو اوور گرائونڈ ورکرز (او جی ڈبلیوز)، جے کے این او پیز، ، ماضی میں ہونے والے تصادمات کے مقامات اور سرگرم اور ہلاک ہونے والے ملی ٹینٹوں کے ٹھکانوں پر انجام دئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران تقریباً 5 سو افراد سے تفتیش کی گئی جو جے کے این او پیز اور دیگر کالعدم تنظیموں سے وابستہ ہیں، ان میں سے متعدد کو پابند بنا کر ضلع جیل مٹن اننت ناگ منتقل کیا گیا تاکہ ان کے خلاف تفتیش جاری رکھی جا سکے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ چھاپوں کے دوران قابل اعتراض مواد اور ڈیجیٹل آلات ضبط کئے گئے جبکہ متعدد جماعت اسلامی سے وابستہ ارکان سے پوچھ گچھ کی گئی اور انہیں مزید تفتیش کے لئے بند کر دیا گیا تاکہ ملی ٹینسی کے معاون نیٹ ورک کو نے نقاب اور ختم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینسی اور اس کے معاون نظام کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر قائم ہے۔
کولگام میں جماعت اسلامی سے وابستہ ارکان کے گھروں پر چھاپے: پولیس