سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت:ایل جی
سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کوشعبہ صحت بہتر بنانے اور سبھی کے لیے معیاری صحت کی دیکھ بھال تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا۔موصوف ٹینگہ پورہ بائی پاس سرینگر میں اجالاسگنس ہیلتھ کیئر کے تعاون سے 200بستروں پر مشتمل ہسپتال ’امندیپ بی آر میڈیسٹی‘ کے افتتاح کے موقع پر بات کر رہے تھے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ 2020کے بعد بہت کم وقت میں صحت کی جدید سہولیات تیار کی گئی ہیں جن میں اچھی طرح سے لیس ہسپتال، ایم بی بی ایس کی ریکارڈ تعداد میں اضافہ، صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی مناسب تعداد کے لیے نرسنگ سیٹیں اور ہزاروں صحت اور تندرستی مراکز کے ذریعے دور دراز علاقوں میں صحت کی دیکھ بھال کو مضبوط بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا’’ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں، ہم نے نئے میڈیکل کالج بنائے، ہزاروں صحت اور تندرستی کے مراکز بنائے، یونیورسل ہیلتھ انشورنس کا آغاز کیا اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے ایک اعلیٰ معیار اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کی تخلیق کی‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’جموں کشمیر کی تقریباً 90فیصد آبادی 5 لاکھ روپے کے یونیورسل ہیلتھ کوریج کے تحت آتی ہے۔ ہمارا صحت کا بنیادی ڈھانچہ بہتر ہے اور ہم صحت کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کو بھی راغب کر رہے ہیں‘‘۔انہوں نے دردمندی، حساسیت اور لگن کے ساتھ مریضوں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے موجودہ وسائل کے معقول استعمال پر بھی زور دیا۔ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سنیل شرما، ڈاکٹر درخشاں اندرابی، چیئرپرسن جموں و کشمیر وقف بورڈ، ڈاکٹر سید عابد رشید شاہ سیکرٹری ہیلتھ ڈاکٹر امندیپ کور( بانی ڈائریکٹر، امندیپ گروپ آف ہسپتال)، اجالا سائگنس ہیلتھ کیئر سروسز کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر نتن ناگ، امندیپ گروپ آف ہاسپٹلز اور اجالا سائگنس ہیلتھ کیئر سروسز کے ممبران، ہسپتال کے سینئر افسران، ڈاکٹروں اور عملے نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔