عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کپوارہ ضلع کے لولاب کا ایک 18 سالہ نوجوان اس وقت اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب وہ موٹرسائیکل پر سوار تھا اور سومو گاڑی نے اس کو ٹکر مار دی ۔موٹر سائیکل سوار کی شناخت ارسلان احمد بیگ ولد غلام نبی ساکن لولاب کپوارہ کے طور پر کی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ ارسلان اس حادثے میں شدید زخمی ہوا اور اسے ابتدائی طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کپواڑہ میں علاج و معالجہ کے لئے داخل کیا تاہم ڈاکٹر نے انہیں نازک حالت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔اسی دوران بارہمولہ کے آزاد گنج علاقے میں ایک عدم شناخت شہری نے مبینہ طور پر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا دی۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی، لوگ دریا کے کنارے پہنچ گئے۔ اس کے فوراً بعد بارہمولہ پولیس، ضلع انتظامیہ، ایس ڈی آر ایف، فوج کے جوانوں اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ریسکیو ٹیمیں دریا کے پانیوں میں تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم رپورٹ درج کرنے کے وقت تک اس شخص کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔ حکام نے بتایا کہ اس شخص کی شناخت ابھی تک نامعلوم ہے، اور اس واقعے کی وجہ سے حالات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔