عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے شوپیاں ضلع کے مختلف علاقوں میں تازہ ژالہ باری سے گیلاس اور سیب کے باغات کو شدید نقصان پہنچانے پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں حالیہ موسم سے متعلق آفات کی وجہ سے بھاری نقصان اٹھانے والوں کو معاوضہ دینے کے لئے مرکز حکومت کی مدد پر زور دیا۔ بخاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا’’اس طرح کی تباہی سے نہ صرف معاش متاثر ہوتا ہے بلکہ اس سے متاثرہ خاندانوں کو جذباتی صدمے کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے مزید کہا، “بار بار موسم سے متعلق آفات کی وجہ سے فصلوں کو ہونے والا نقصان ایک سنگین تشویش کا باعث ہے۔ حالیہ دنوں اور ہفتوں میں نقصانات کا سامنا کرنے والوں کو معاوضہ دینے کے لیے مرکزی حکومت سے فوری مدد کی ضرورت ہے۔”انہوں نے مزید کہا’طویل مدتی تحفظ بھی ضروری ہے۔ ہمیں یہاں جموں اور کشمیر میں فصلوں کی ایک جامع انشورنس اسکیم کی ضرورت ہے‘۔