عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش کے بعد مرکز نے پیر کو جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں 3 مستقل ججوں کی تقرری کو منظوری دے دی۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، مرکزی وزیر برائے قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے کہا کہ صدر نے چیف جسٹس آف انڈیاسے مشاورت کے بعد جسٹس وسیم صادق نرگل، راجیش سیکھری، اور محمد یوسف وانی کا تقرر جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے مستقل جج کے طور پر کردیا ہے ۔5 مارچ کو ہونے والی اپنی میٹنگ میں سپریم کورٹ کالجیم نے مذکورہ بالا اضافی ججوں کی جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ میں مستقل ججوں کے طور پر تقرری کی تجویز کو منظوری دی۔آئین کے آرٹیکل 217 کی شق (1) کے تحت ہائی کورٹس کے چیف جسٹس اور ججز کا تقرر صدر کے ذریعے کرنا ہے۔چیف جسٹس کو مستقل جج کے طور پر ایڈیشنل جج کی تقرری کے لیے اپنی سفارش بھیجتے ہوئے اپنی سفارش کے ساتھ متعلقہ جج کی جانب سے دیے گئے مقدمات اور فیصلوں کے ماہ وار نمٹانے کے اعدادوشمار کے ساتھ ساتھ لا جرنل میں رپورٹ کیے گئے کیسز کی تعداد بھی پیش کرنا ہوتی ہے۔ کام کے دنوں کی کل تعداد، کتنے دنوں میں وہ درحقیقت عدالت میں حاضر ہوئے اور اس مدت کے دوران ان کی غیر حاضری کے دنوں کے بارے میں معلومات بھی فراہم کی جاتی ہیں جن کے لیے تصرف کے اعداد و شمار بھیجے گئے ہیں۔