عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر میں ایک دہائی کے طویل عرصے کے بعد منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بدھ کی صبح 24 حلقوں کے لئے پولنگ شروع ہوئی۔حکام کے مطابق جموں وکشمیر کے 7 اضلاع پر محیط 24 حلقوں پر بدھ کی صبح 7 بجے پولنگ انتہائی جوش و خروش سے شروع ہوئی۔
سال 2019 میں دفعہ 370 کی تنسیخ اور جموں وکشمیر کو دو یونین ٹریٹریوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے بعد یہ جموں و کشمیر میں منعقد ہونے والے پہلے اسمبلی انتخابات ہیں۔انتخابات کے پہلے مرحلے میں کشمیر میں 16 جبکہ جموں خطے میں 8 نشستوں کی پولنگ ہو رہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تمام 3 ہزار 2 سو 76 پولنگ مراکز پر صبح سے ہی رائے دہندگان لمبی لمبی قطاروں میں اپنی اپنی باریوں کے انتظار میں دیکھے جا رہے ہیں جہاں ہموار پولنگ کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
جہاں اس وقت پولنگ جاری ہے ان میں پانپور، ترال، پلوامہ، راج پورہ،زینہ پورہ، شوپیاں، ڈی ایچ پورہ، کولگام،دیوسر، ڈورو،کوکرناگ (ایس ٹی)، اننت ناگ (ویسٹ)، اننت ناگ، سری گفوارہ-بجبہاڑہ، شانگس – اننت ناگ (ایسٹ9، پہلگام، اندر وال، کشتواڑ، پڈر – ناگسینی، بھدرواہ، ڈوڈہ، ڈوڈہ (ویسٹ)،رام بن اور بانہال شامل ہیں۔
انتخابات کے پہلے مرحلے میں کل 23 لاکھ 27 ہزار 5 سو 80 رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے اہل ہیں جن میں سے 11 لاکھ 76 ہزار 4 سو 62 مرد اور 11 لاکھ 51 ہزار 58 خواتین رائے دہندگان ہیں۔پہلے مرحلے میں کل 2 سو 19 امید وار قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔
انتخابات کے پہلے مرحلے میں جو نمایاں امید وار حصہ لے رہے ہیں ان میں سینئر کانگریس لیڈر غلام احمد میر،پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی، سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر محمد یوسف تاریگامی،پی ڈی پی کے یوتھ لیڈر وحید پرہ،نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور سابق رکن پارلیمان حسنین مسعودی، نیشنل کانفرنس کی سینئر لیڈر سکینہ یتو، بی جے پی لیڈر صوفی یوسف، جماعت اسلامی کے سابق رکن طلعت مجید، آزاد امید وار جی ایم سروری، بی جے پی کے سشری پریہار اور نیشنل کانفرنس کے سجاد کچلو شامل ہیں۔دریں اثنا حکام نے پُر امن اور صاف و شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔دریں اثنا حکام نے پُر امن اور صاف و شفاف پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر انتظامات کئے ہیں۔اسمبلی انتخابات کا دوسرا مرحلہ 25 ستمبر اور تیسرا اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو منعقد ہوگا جبکہ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہوگی۔
جموں وکشمیر: اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ سخت سیکورٹی بند وبست کے بیچ شروع