عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ شروع ہونے پر وزیراعظم مودی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ “جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے کے آغاز پر، میں تمام ووٹرز سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔ خاص طور پر نوجوانوں اور پہلے بار ووٹ ڈالنے والوں سے کہتا ہوں کہ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں”۔
جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات کا پہلا مرحلہ آج صبح 7 بجے شروع ہوا اور شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 16 اگست کو تین مرحلوں میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا تھا، پہلا مرحلہ آج، دوسرا 25 ستمبر اور آخری مرحلہ یکم اکتوبر 2024 کو ہوگا۔ ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو کی جائے گی۔ یہ انتخابات 10 سال بعد ہورہے ہیں اور جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد پہلی مرتبہ ہونے جا رہے ہیں۔