عظمیٰ نیوز سروس
رام بن//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر نے رام بن ضلع کے سناسر علاقے کا دورہ کیا تاکہ علاقے کے تعلیمی اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی حالت کا جائزہ لیا جا سکے۔مشیر نے گورنمنٹ اپر پرائمری سکول جوری سناسر کا معائنہ کیا اور ادارے کے کام کاج کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور وہاں طلباء کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ اور اسکول انتظامیہ کے ساتھ بات چیت کی اور اسکول میں دی جانے والی تعلیم کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول کے بچوں سے بھی بات چیت کی اور ان کے سیکھنے کے نتائج کا جائزہ لیا۔مشیر بھٹناگر نے این ٹی پی ایچ سی سناسر کا معائنہ کیا اور وہاں بیماروں کے لئے دستیاب صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکز کے عملے سے بھی بات چیت کی اور ان سے ان کے مسائل اور خدشات کے بارے میں دریافت کیا۔عملے کے ساتھ بات چیت کے دوران مشیر نے ان سے علاقے کے دور دراز ہونے کی وجہ سے صحت کی دیکھ بھال میں موجود خامیوں کے بارے میں پوچھا تاکہ اسے دور کیا جا سکے۔ انہوں نے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے آپ کو ایسے دور افتادہ علاقے کے لوگوں کی خدمت کے لئے وقف کر دیں۔مشیر نے مقامی پولیس اور سول افسران کے ساتھ اپنے متعلقہ شعبوں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک انٹرایکٹو سیشن کیا۔