اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کی مارکیٹ گواڑی میں آتشزدگی کی ہولناک واردات میں ایک درجن سے زائد دوکانیں جل کر راکھ ہوئیں ہیں جن میں لاکھوں کی مالیت کا سامان تباہ ہوا ہے تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔پیر کی صبح چھ بجے سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ سے چھ کلو میٹر کی دوری پر واقع گواڑی مارکیٹ میں ایک عمارت سے آگ بھڑک اٹھی اور کچھ ہی لمحوں میں تین عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لیا۔اس دوران مقامی لوگ ،پولیس ،ایس ایس بی، آرمی، آرمڈ پولیس و فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا اور بچاؤ کاروائی شروع کی۔ فائر بریگیڈ کا عملہ مقامی لوگوں، پولیس و سیکورٹی فورسز کی مدد سے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہوا اور اسطرح سے تین عمارتوں کے سوا دیگر بازار کو بچا لیا گیا ۔کشمیرعظمیٰ کو ملی تفصیلات کے مطابق اس واقعہ میں 3 عمارتیں خاکستر ہوئیں ہیں جس میں 12 دوکانوں کا لاکھوں کی مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوا ہے۔ ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال ،ایس ڈی پی او راج کمار کول نے ایس ایچ او پرویز کھانڈے و دیگر انتظامیہ کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور بچاؤ کارروائی میں برابر شریک رہے۔ ایس ایچ او گندوہ پرویز کھانڈے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ صبح چھ بجے کے قریب گواڑی مارکیٹ میں آگ لگ گئی جس کی وجہ سے 10/12 دوکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس، سیکورٹی فورسز و مقامی لوگوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا ہے تاہم اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی رپورٹ میں آگ لگنے کا سبب شارٹ سرکٹ ہے تاہم اس ضمن میں میں معاملہ معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔آتشزدگی متاثرین کی تعداد 18 بتائی جاتی ہے جس میں 6 مالکان و 12 دوکاندار شامل ہیں۔ نائب تحصیلدار چنگا کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق متاثرین میں سمینہ بیگم زوجہ منظور احمد ،کاکو،خزان چند ولد تیج رام،گواڑی،کھیم راج گواڑی، شاہنواز ولد حبیب اللہ، گواڑی. محمد اشرف ولد دین محمد، بھرتی، دلیپ سنگھ ولد دیوی چند بٹاراشامل ہیں وہیں 12 دوکانداروں میں انجیت کمار ڈھوسہ ،اشوک کمار ڈھوسہ، اجے ویر انہاڑہ، انیش کمار ڈھوسہ ،سریش کمار ،وسیم اکرم، کرتار چند اودھمپور،کنچن سنگھ ،محمد یعقوب بھرتی، ماجد اشرف بھرتی، انگت کمار و جعفر علی وغیرہ شامل ہیں ۔