محمد تسکین
بانہال //ضلع رام بن کے علاقوں میں پارلیمانی الیکشن کی گہما گہمی جاری ہے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ڈآکٹرجتیندرسنگھ نے جمعرات کیبروز ہیلی کاپٹر کے ذریعے ضلع رام بن کے راج گڑھ ، کینٹھی ، سنگلدان ، گول اْکڑال اور بانہال کا دورہ کیا اور عوامی ریلیوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے لوگوں سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے تعمیر و ترقی کے دورہ دور کو جاری رکھتے ہوئے اسے کامیاب کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ سے ہی لوگوں کو تقسیم کرنے کی سیاست کی ہے اور اس وجہ سے وادی چناب کے علاقوں کی تعمیر و ترقی کو نظر انداز کیا گیا اور اب پچھلے دس سالوں سے وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی نے عوامی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کو خاندانی راج سے نجات دلانے کی ضرورت ہے اور یہ لوگ کشمیر ، جموں اور دہلی میں الگ الگ بولیاں بولتے ہیں اور لوگوں کو بیوقوف بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کو ایک بار پھر وزیراعظم بننے سے کوئی روک نہیں سکتا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں جو ترقی ریاست جموں و کشمیر نے کی ہے وہ پچھلے 75 سالوں میں کبھی نہیں ہوئی ہے اور رام بن اور بانہال کا علاقہ ریلوے اور فورلین پروجیکٹ کی وجہ سے ترقی کی راہ پر ہے اور ریل پروجیکٹ مکمل ہونے کے بعد یہاں کے لوگوں کی تقدیر ہی بدل جائے گی۔اس دوران بدھ کے روز نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے بٹوٹ میں وادی چناب کے نیشنل کانفرنس رہنماؤں اور کارکنوں کے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں اور نیشنل کانفرنس کے کارکنوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ کانگریس کے امیدوار چودھری لعل سنگھ کے حق میں ووٹ ڈال کر انڈین الائنس کے امیدوار کو کامیاب بنائیں۔ سیاسی سرگرمیوں کے جاری سلسلے کے تحت کل ہی ڈیموکریٹک پراگرسیو آزاد پارٹی کے امیدوار غلام محمد سروڑی نے راج گڑھ اور بٹوٹ میں عوامی جلسوں سے خطاب کیا اور لوگوں کو تعمیر وترقی کے سلسلے کو برقرار رکھنے کیلئے ڈی ہی اے پی کو ووٹ دینے کی اپیل کی یے۔ اس دوران کانگریس امیدوار چودھری لعل سنگھ اور کانگریس صدر وقار رسول نے کل بٹوٹ میں ایک روڈ شو ریلی کا انعقاد کیا اور آج انہوں نے بھدرواہ میں عوامی ریلی سے خطاب کیا اور کانگریس اور اس کی اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار چودھری لعل سنگھ کو کامیاب کرنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر آزاد امیدوار اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر معراج الدین ملک نے بھی سب ڈویڑن رامسو مکرکوٹ کے علاقوں میں عوامی ریلیوں سے خطاب کیا اور لوگوں کو رشوت خور، فرقہ پرست اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں کو کرارا جواب دیکر معراج الدین ملک کو کامیاب بنانے کی اپیل کی ہے۔