یو این آئی
تھمپو// وزیر اعظم نریندر مودی کو جمعہ کو یہاں بھوٹان کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز’دی آرڈر آف دی ڈروک گیالپو‘ سے نوازا گیا۔بھوٹان کی راجدھانی تھمپو میں ٹینڈریلتھانگ میں منعقدہ ایک عوامی تقریب میں، بھوٹان کے بادشاہ جگمے کھیسر نامگیل وانگچک نے مودی کو زندگی بھر کی کامیابیوں کی بنیاد پر اپنے ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز سے نوازا۔
مودی پہلے غیر ملکی رہنما ہیں جنہیں یہ باوقار ایوارڈ دیا گیا ہے۔ ایوارڈ کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ ایوارڈ مودی کی ذاتی کامیابیوں، قیادت اور ہندوستان اور بھوٹان کے درمیان دوستی کے بندھن کو مضبوط بنانے میں ان کے تعاون کو تسلیم کرتا ہے۔ یہ ان کی قیادت میں ایک عالمی طاقت کے طور پر ہندوستان کے عروج کا بھی احترام کرتا ہے اور بھوٹان کے ہندوستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کا جشن مناتا ہے۔ حوالہ میں مزید کہا گیا کہ مودی کی قیادت نے ہندوستان کو تبدیلی کی راہ پر گامزن کیا ہے اور ہندوستان کی اخلاقی طاقت اور عالمی اثر و رسوخ میں اضافہ کیا ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایوارڈ ہندوستان کے 1.4 بلین لوگوں کو دیا گیا ایک اعزاز ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اور منفرد تعلقات کا ثبوت ہے۔مودی جمعہ کو بھوٹان کے ایک دن کے دورے پر پارو پہنچے۔قابل تجدید توانائی، زراعت، نوجوانوں کے تبادلے، ماحولیات اور جنگلات اور سیاحت جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ان کی موجودگی میں توانائی، تجارت، ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، خلائی، زراعت، نوجوانوں کے رابطے وغیرہ پر سات مفاہمت ناموں؍معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔