عظمیٰ نیوز ڈیسک
پٹنہ( بہار)//وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ این ڈی اے حکومت نے پچھلے 10برسوں میں داخلی سلامتی کے چیلنجوں سے کامیابی سے نمٹا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والی حکومت نے جموںکشمیر سے دفعہ 370کا خاتمہ کرکے یہ تنازعہ مکمل طور جبکہ ایودھیا اور دیگر پیچیدہ مسائل کو بھی آسانی کے ساتھ حل کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی آنے والے وقتوں میں بھی جاری رہے گی ۔ جموں کشمیر میں آج حالات کافی بد ل گئے ہیں اور گزشتہ برسوں سے کافی پیش رفت ہوئی ہے ۔ پالی گنج میں بی جے پی او بی سی مورچہ کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ دیگر ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ آرٹیکل 370کی منسوخی اور ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر جیسے اہم سنگ میل عبور کئے گئے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں علیحدگی پسندی، دہشت گردی اور ملک مخالف سرگرمیوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ این ڈی اے حکومت نے پچھلے 10برسوں میں داخلی سلامتی کے چیلنجوں سے کامیابی سے نمٹا ہے مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر میں تشدد میں خاطر خواہ کمی آرہی ہے، جبکہ شمال مشرقی اور بائیں بازو کے انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں شورش بھی کم ہوئی ہے اور لوگوں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ حکومت پورے عزم کے ساتھ معیار کو بہتر بنانے اور سیکورٹی کو مضبوط بنانے کا کام کر رہی ہے۔انہوںنے بتایا کہ جموں کشمیر میں حفاظتی صورتحال کافی بہتر ہے اور اس طرف سرکار خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔وزیر داخلہ نے بتایا کہ پچھلے حکومتوں نے اس مسئلہ کو پیچیدہ بنایا تھا جبکہ وزیر اعظم کی سربراہی والی حکومت نے دفعہ 370کا خاتمہ کرکے یہ تنازعہ مکمل طور پر حل کیا جبکہ ایودھیا اور دیگر پیچیدہ مسائل کو بھی آسانی کے ساتھ حل کیا گیا۔