یواین آئی
نئی دہلی// حکومت نے ملازمت کے لیے روسی فوج میں ہندوستانی شہریوں کی بھرتی کے معاملے پر سخت کارروائی شروع کر دی ہے، سفارتی سطح پر روسی حکومت کے ساتھ بات چیت کرکے کم از کم 20 ہندوستانیوں کو سروس سے آزاد کرکے وطن واپس لانے کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ملک میں جھوٹ بول کربھرتی کرانے والے ایجنٹوں کے خلاف مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی طرف سے کارروائی شروع کی گئی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے یہاں ایک باقاعدہ بریفنگ میں اس موضوع پر صحافیوں کے سوالات کے جواب میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا، “تقریباً 20 لوگوں نے ہم سے رابطہ کیا ہے اور ہم ان کا سراغ لگانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ ہم روسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں‘‘۔ترجمان نے کہا کہ تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کئی ہندوستانی شہریوں کو روسی فوج کے ساتھ کام کرنے کے لئے دھوکہ دیاگیا ہے۔ہم نے ایسے ہندوستانی شہریوں کی جلد از جلد رہائی کے لیے روسی حکومت کے ساتھ پورے عزم اور سنجیدگی کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ملک میں جھوٹے حیلوں اور وعدوں پربھرتی کرنے والے ایجنٹوں اور بے ایمان عناصر کے خلاف سخت کارروائی شروع کی گئی ہے۔ سی بی آئی نے کل کئی شہروں میں چھاپے مار کر اور مجرمانہ ثبوت اکٹھے کرکے انسانی اسمگلنگ کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا۔ کئی ایجنٹوں کے خلاف انسانی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ جیسوال نے کہا، ’’ہم ایک بار پھر ہندوستانی شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ روسی فوج میں معاون ملازمتوں کے لئے ایجنٹوں کی پیشکشوں سے متاثر نہ ہوں۔ یہ زندگی کے لئے خطرے سے بھرا ہوا ہے۔ “ہم روسی فوج میں معاون عملے کے طور پر خدمات انجام دینے والے اپنے شہریوں کی جلد از جلد رہائی اور ان کے گھروں کو واپسی کے لیے پرعزم ہیں۔”