یو این آئی
کوہیما// کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے منگل کو کہا کہ ’’انڈیا اتحاد ‘‘ میں سیٹ شیئرنگ کاکوئی مسئلہ نہیں ہے اور سیٹ شیئرنگ کا کام تمام پارٹیوں کے ساتھ آسانی سے کیا جائے گا۔
دو دن پہلے منی پور کے تھمبول سے شروع ہونے والی ‘بھارت جوڈو نیائے یاترا’ کے دوران ناگالینڈ کی راجدھانی کوہیما کے قریب موکوکچوانگ میں منعقدہ اپنی پہلی پریس کانفرنس میں مسٹر گاندھی نے کہا کہ اتحادی جماعتوں کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ نشستوں کی تقسیم کا کام خوش اسلوبی اور تیزی سے مکمل کیا جائے گا۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ اتحاد میں شامل تمام جماعتوں سے نشستوں اور دیگر مسائل کے حوالے سے بات چیت مسلسل جاری ہے اور کہیں بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے، اس لیے امید ہے کہ جلد ہی سیٹوں کی تقسیم کا کام خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا جائے گا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اتحادی جماعتوں کے کچھ رہنما اتحاد میں تعاون کرتے نظر نہیں آتے ہیں ، تو انہوں نے کہا کہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ اگر کوئی مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو اتحادی رہنما مل کر اس کا حل تلاش کریں گے اور تمام پارٹیاں مل کر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ الیکشن لڑیں گی۔