رمیش کیسر
سندربنی// پولیس راجوری ضلع کے سندربنی علاقے میں 24 گھنٹوں کے اندر ہی ایک معاملے کو حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم کو مبینہ طور پر دو گاڑیوں کو نذر آتش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ سندربنی پھلواری بجوال علاقہ کے رہائشی ستپال نے شکایت میں الزام لگایا ہے کہ منگل کی رات تقریباً 11 بج کر 30 منٹ ایک نامعلوم شخص نے ٹو وہیلر کے آئل ٹینک کو توڑ کر کار اور موٹر سائیکل کو آگ لگا دی تھی۔ شکایت ملنے پر پولیس نے پولیس تھانہ سندربنی میں آئی پی سی کی دفعہ 435 کے تحت ایک مقدمہ ایف آئی آر نمبر 01/2024 درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی۔اُنہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر تمام متعلقہ شواہد اکٹھے کئے۔ کچھ سراگوں کی بنیاد پر پولیس نے ستیش کمار (عمر 26) کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا اور اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفتیش جاری ہے۔