عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// مرکز نے بدھ کے روز اسیر علیحدگی پسند لیڈرمسرت عالم بٹ کی سربراہی والی مسلم لیگ جموں و کشمیر، کو’غیر قانونی انجمن‘قرار دیا اور غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون کے تحت اس پر5 سال کیلئے پابندی لگا دی ۔اس بات کااعلان مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے ایکس پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر داخلہ امت شاہ نے لکھا’’ یہ تنظیم اور اس کے ارکان ملک دشمن اور علیحدگی پسند سرگرمیوں میں ملوث ہیں جو دہشت گرد سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہیں اور لوگوں کو جموں و کشمیر میں اسلامی حکومت قائم کرنے کے لئے اُکساتے ہیں‘‘۔ انہوں نےمزید لکھا’’ مسلم لیگ جموں کشمیر (مسرت عالم دھڑے) کو غیر قانونی سرگرمیوں کے انسداد سے متعلق قانون کے تحت ایک غیر قانونی ایسوسی ایشن قرار دیا گیا ہے‘‘۔مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ نے پوسٹ کے آخرمیں لکھاکہ وزیراعظم مودی کی قیادت والی حکومت کا پیغام بلند اور واضح ہے کہ جو بھی ملک کی یکجہتی، خودمختاری اور سا لمیت کے خلاف کام کرے گا، اسے بخشا نہیں جائے گا اور اسے قانون کے مکمل قہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔