عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس (آرمڈ)ایس جے ایم گیلانی نے بدھ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے افسران کی ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے 29 جنوری سے 8 فروری 2024 تک جموں میں منعقد ہونے والی 72ویں آل انڈیا پولیس ہاکی چیمپئن شپ 2023-24 کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ میں اے ڈی جی پی نے تقریب کے خوش اسلوبی اور کامیاب انعقاد کے سلسلے میں مختلف کمیٹیوں کے ذریعہ کئے گئے تمام انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔متعلقہ کمیٹی کے سربراہان نے اے ڈی جی پی کو تقریب کے خوش اسلوبی سے انعقاد کے لیے کیے جانے والے ضروری انتظامات اور تیاریوں کے بارے میں جانکاری دی اور اپنی رائے پیش کی۔ میٹنگ کے دوران گیلانی نے متعلقہ کمیٹیوں کو ان کے متعلقہ کاموں سے متعلق مناسب ہدایات جاری کئے۔قبل ازیں کلدیپ ہنڈوڈی وائی ایس پی (اسپورٹس) اے پی ایچ کیو نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لیے مختلف افسران کو تفویض کیے گئے تمام انتظامات سے آگاہ کیا۔