یواین آئی
نئی دہلی// سری لنکا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر مہندا یاپا ابے وردھنا کی قیادت میں ہندوستان کے دورے پر آئے پارلیمانی وفد نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کی۔ہندوستان کے دورے پر آئے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے برلا نے کہا کہ دونوں مما لک نہ صرف پڑوسی ہیں بلکہ تاریخ، ثقافت اور جمہوری اقدار کی مشترکہ وراثت سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔دونوں ممالک میں جمہوریت کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ جمہوریت کی مشترکہ اقدار ہماری ترقی اور اتحاد کی طرف رہنمائی کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری اصولوں سے ہماری وابستگی نے ہمارے معاشروں کو بااختیار بنایا ہے، جامع طرز حکمرانی کو فروغ دیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہمارے شہریوں کی آواز قانون ساز ایوانوں میں سنی جائے۔لوک سبھا کے اسپیکر نے زور دے کر کہا کہ سری لنکا ہندوستان کے لیے اسٹریٹجک لحاظ سے ایک اہم پڑوسی ملک ہے۔ اقتصادی طور پر اور ایک سیاحتی مقام کے طور پر سری لنکا ہندوستان کی ترقی میں ایک اہمساجھیدار رہا ہے۔ اسپیکر نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوں گے۔ برلا نے ان شعبوں کا بھی ذکر کیا جن میں دونوں ملک زیادہ تعاون کی سمت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بدھ مت کی مشترکہ وراثت کی وجہ سے دونوں ممالک میں بدھ مت سے متعلق اہم مقامات موجود ہیں جس سے دونوں ممالک میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ٹیکنالوجی اور اختراع کے میدان میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی طاقت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک کے نوجوانوں نے اس میدان میں اہم رول ادا کیا ہے۔