عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
بھوپال//اجین جنوبی کے ایم ایل اے موہن یادو نے بھوپال میں مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ اس دوران اسٹیج پر وزیر اعظم نریندر مودی، گورنر منگو بھائی پٹیل سمیت کئی اہم شخصیات موجود تھیں۔ وزیر اعلیٰ موہن یادو کے بعد جگدیش دیورا اور راجندر شکلا نے کابینہ وزیر کے طور پر حلف لیا ہے۔موہن یادو نے امیت شاہ کا استقبال کیا، شیوراج دوسرے نمبر پر کھڑے تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی موہن یادو کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے بھوپال پہنچے۔ حلف برداری کی تقریب موتی لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ادھرچھتیس گڑھ میں وشنو دیو سائی نے رائے پور میں منعقدہ ایک شاندار حلف برداری کی تقریب میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ ان کے ساتھ بی جے پی کے ممبران اسمبلی ارون ساو اور وجے شرما نے چھتیس گڑھ کے نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما، چھتیس گڑھ کے سابق وزیر اعلی بھوپیش بگھیل سمیت کئی اعلیٰ رہنما موجود تھے۔گورنر وشو بھوشن ہری چندن نے سائینس کالج کے میدان میں منعقدہ تقریب حلف برداری کے دوران سائی اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ بی جے پی نے حال ہی میں جیتی ہوئی تین بڑی ریاستوں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کے ناموں کا اعلان کیا ہے۔