عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// راجیہ سبھا نے پیر کو متفقہ طور پر جموں و کشمیر ریزرویشن (ترمیمی)بل، 2023، اور جموں و کشمیر تنظیم نو (ترمیمی)بل، 2023 کو صوتی ووٹ کے ساتھ منظور کیا جس کا مقصد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں اہم قوانین میں ترمیم کرنا ہے۔پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے چھٹے دن اہم قانون سازی کے اقدام میں مختلف اپوزیشن لیڈروں نے سابقہ ریاست کی ریاستی حیثیت کو بحال کرنے اور وہاں انتخابات کا اعلان کرنے کے لیے مسائل اٹھاتے ہوئے دیکھا۔ دونوں بلوں کو گزشتہ ہفتے لوک سبھا نے منظور کر لیا تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے اور جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو ختم کرنے والے ایگزیکٹو آرڈر کی آئینی جواز کو برقرار رکھنے کے فیصلے کے چند گھنٹوں بعد ان بلوں پر مشترکہ طور پر بحث کی گئی۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے بحث کا جواب دیتے ہوئے کہا”آج، سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر (تنظیم نو)بل، 2019 کے پیچھے کی نیت، اس کی آئینی جواز اور عمل کو برقرار رکھا۔انہوں نے کہا”سپریم کورٹ نے قبول کیا کہ آرٹیکل 370 ایک عارضی شق ہے، اگر آرٹیکل 370 اتنا ہی منصفانہ، اتنا ضروری تھا، تو نہرو جی اس کے سامنے عارضی لفظ کیوں استعمال کرتے؟ جو لوگ کہتے ہیں کہ آرٹیکل 370 مستقل ہے وہ آئین ساز اسمبلی اور آئین کی منشا کی توہین کر رہے ہیں‘‘۔شاہ نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ مذکورہ آرٹیکل 370 ایک عارضی شق تھی، جس کا مطلب ہے کہ درخواست گزار کا یہ دعوی کہ آرٹیکل 370 کو کبھی ختم نہیں کیا جا سکتا، سپریم کورٹ نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ سپریم کورٹ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ گورنر راج اور صدر راج کے اعلانات کو چیلنج کرنا درست نہیں ہے۔” جب عارضی انتظام کیا گیا تو سوال یہ پیدا ہوا کہ اگر یہ عارضی ہے تو اسے کیسے ہٹایا جائے گا؟ چنانچہ آرٹیکل 373 کے اندر ایک شق ڈالی گئی کہ صدر دفعہ 370 میں ترمیم کر سکتے ہیں، اس پر پابندی لگا سکتے ہیں اور اسے مکمل طور پر آئین سے باہر بھی لے سکتے ہیں۔ امیت شاہ نے کہا کہ یہ ایک اہم دن ہے کیونکہ یہ بل پارلیمنٹ سے اس دن منظور ہوں گے جس دن سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کہا”میں انہیں سمجھا نہیں سکتا، میری ایک حد ہے” ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 نے علیحدگی پسندی کو جنم دیا، جس نے دہشت گردی کو پروان چڑھایا۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کو اپنا موقف بدلنے پر غور کرنا چاہئے۔ یا آپ کے نمبر مزید نیچے جائیں گے۔شاہ نے کہا( 2024 لوک سبھا انتخابات) میں مقابلہ ہوگا، مودی جی تیسری بار پی ایم بنیں گے ۔