عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی// پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل ہفتہ کو حکومت نے کل جماعتی اجلاس منعقد کیا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی تاکہ پیر سے شروع ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے میٹنگ طلب کی ہے جس میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر تجارت پیوش گوئل، کانگریس لیڈر جئے رام رمیش، گورو گوگوئی، اور پرمود تیواری، ترنمول لیڈر سدیپ بندیوپادھیائے، این سی پی لیڈر فوزیہ خان اور آر ایس پی لیڈر این کے پریما چندرن اور دیگر سینئر لیڈروں نے شرکت کی۔
پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 4 دسمبر سے شروع ہوگا اور 22 دسمبر تک اس کی 15 نشستیں ہوں گی، جس کے دوران اس میں نوآبادیاتی دور کے فوجداری قوانین کو تبدیل کرنے کے تین بلوں سمیت کلیدی مسودہ قانون پر غور کرنے کی توقع ہے۔
لوک سبھا پینل کی رپورٹ جس میں ترنمول لیڈر مہوا موئترا کو ایوان زیریں سے “کیش فار کیویری” کی شکایت پر نکالنے کی سفارش کی گئی ہے، وہ بھی پیر کو سیشن کے پہلے دن ایوان میں پیش کرنے کے لیے درج ہے۔