عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
غزہ// اسرائیلی فوج کی بمباری میں غزہ کے الشفا اسپتال کا ایک حصہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا اور 179 مریض ملبے تلے دب گئے جن میں سے 7 نومولود اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ کے 29 مریض بھی شامل ہیں۔الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلیمہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کی اسپتال پر وحشیانہ بمباری میں 179 مریض ملبے تلے دب گئے جو ان کی اجتماعی قبر ثابت ہوئی۔الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ ہمیں مجبوراً ان مریضوں کو ملبے تلے ہی دفن کرنا پڑا۔ مشینری کا نہ ہونا اور ہمہ وقت ہونے والی بمباری کی وجہ سے امدادی کاموں تک کے لیے موقع نہیں مل پارہا۔محمد ابو سلیمہ نے بتایا کہ ملبے تلے دفن ہونے والے 179 مریضوں میں 29 ایسے مریض تھے جو دل کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے جب کہ 7 بچے بھی ملبے تلے دفن ہوگئے۔دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے اس سفاکیت پر اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ادھر اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی نے خبردار کیا کہ اگر ایندھن نہ بھیجا گیا تو اسپتال بند کرنے پڑ جائیں گے۔فلسطین کے علاقے طولکرم پر اسرائیلی فوج کی چھاپے مار کارروائی میں 7 نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ یہ نوجوان القسام بریگیڈ کے جنگجو تھے اور مقابلے میں مارے گئے۔
ہلاکتیں20ہزار تک پہنچنے کا خدشہ
یو این آئی
غزہ// غزہ پر 38 روز سے جاری اسرائیلی حملوں میں 11 ہزار سے زائد معصوم فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ یہ تعداد 20 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ہے ۔ صہیونی ریاست کے 7 اکتوبر کو غزہ پٹی پر شروع ہونے والے فضائی اور زمینی حملوں نے غزہ کو ملبے کا ڈھیر اور انسانوں کا قبرستان بنا دیا ہے ۔ اب تک 11 ہزار سے زائد فلسطینیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے نصف سے زائد تعداد بچوں اور خواتین کی ہے جمعے کے بعد سے وزارت صحت اور اسپتالوں کا رابطہ کٹ چکا ہے جس کے باعث مزید اموات کے بارے میں مصدقہ اطلاعات بھی رک گئی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ملبے تلے کئی ہزار شہری دفن ہیں۔ ہلاکتیں 20 ہزار تک پہنچ سکتی ہیں ۔وزارت صحت کے اعداد وشمار کے مطابق ساڑھے تین ہزار سے زائد شہری ملبے تلے دفن ہیں۔ جن میں 1700 سے زیادہ بچے ہیں۔الشفا اسپتال کے آئی سی یو میں تمام مریض دم توڑ چکے ۔ انکیوبیٹر میں بچے ایک ایک کر کے موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔ غزہ کے محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ تمام اسپتالوں میں آپریشن رک چکے ہیں اور اسرائیلی فوج نے الرانتیسی اسپتال کے عملے کو بھی باہر نکال دیا ہے ۔ادھر شمالی غزہ پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں کئی مکانات کو نشانہ بناتے ہوئے اسرائیلی بمباری میں 31 فلسطینی ہلاک ہوگئے ۔
ہسپتال کو بچانا ہوگا :بائیڈن
یو این آئی
واشنگٹن//امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو غزہ کے الشفا اسپتال کو بچانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں اس معاملے پر اسرائیلیوں سے رابطے میں ہوں۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ امید اور توقع ہے کہ اسپتال کے حوالے سے کم دخل اندازی کی جائے گی۔ قطر کی مدد سے قیدیوں کی رہائی کے معاہدے پر بات چیت ہورہی ہے ۔فلسطینی حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ الشفا اسپتال کے محاصرے اور ایندھن کی کمی کے باعث 3 دن میں 33 مریض انتقال کر چکے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی صدر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ صدر کا بیٹا حماس سے لڑائی میں مصروف تھا اور کافی وقت سے اس سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔
حماس کی جنگ بندی کیلئے بڑی پیشکش
غزہ/یو این آئی/ صہیونی ریاست کی جارحیت سے برسر پیکار حماس نے پانچ روزہ جنگ بندی کے معاہدے کے بدلے 70 یرغمالیوں کو رہا کرنے کی پیشکش کر دی ہے ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کے القاسم بریگیڈ کے ترجمان ابو عبیدہ نے ریکارڈ شدہ آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ انہوں نے قطری ثالثوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ 5 روزہ جنگ بندی معاہدہ کرنے پر 70 کے قریب خواتین اور بچوں کو رہا کرنے کو تیار ہیں۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گارم پر جاری پیغام میں ترجمان نے واضح کیا کہ ہے کہ مجوزہ جنگ بندی معاہدے میں مکمل جنگ بندی اور غزہ پٹی میں ہر جگہ پر امدادی سامان اور انسانی امداد پہنچانے کی اجازت کو بھی معاہدے کا حصہ ہونا چاہیے ۔القاسم بریگیڈ نے اس کے ساتھ ہی یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ اسرائیل معاہدے کی قیمت چکانے سے بچنے کے لیے تاخیر کرتا رہا ہے ۔دوسری جانب حماس کی جانب سے ایک خاتون یرغمالی کی ویڈیو جاری کرنے کے بعد اسرائیلی فوج نے ایک فوجی کی شناخت کی تصدیق کر دی ہے ۔پیر کی رات گئے اسرائیلی فوج نے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یرغمالیوں کو واپس لانے کے لیے ہم تمام تر انٹیلی جنس اور آپریشنل ذرائع بروئے کار لا رہے ہیں۔
قتل عام کے تماشائیوںکو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی: القسام بریگیڈز
غزہ/ یو این آئی/ ترجمان القسام بریگیڈز ابوعبیدہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے شہریوں کے قتل عام کو تماشائی بنے دیکھنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی اور وہ اللہ کی نظر میں سزا وار ٹھہریں گے ۔القسام بریگیڈز کے ترجمان ابوعبیدہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ہمارے مجاہدین 38 ویں روزبھی صیہونی ٹینکوں کے خلاف مزاحمت کر رہے ہیں اور جنگجو زیر زمین، زمین پر اورملبے کے نیچے سے حملے کرکے دشمن کو سرپرائز دے رہے ہیں، دشمن کے ٹینکوں اور بلڈوزروں کو تباہ کررہے ہیں۔ترجمان القسام بریگیڈز کا کہنا تھا کہ۔دشمن قائدین کو مایوسی اور تباہی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا، درحقیقت حملہ آوروں کا غزہ میں ہماری مزاحمت کو ختم کرنا محض ایک خواب ہے ۔مزاحمت کاروں کی پر اعتمادی، فلسطین کے معاملے میں امت کی ذمہ داری کو ختم نہیں کر دیتی، تمام مسلمان مسئلہ فلسطین کے ذمہ دار ہیں۔غزہ کے شہریوں کے قتل عام کو تماشائی بنے دیکھنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی اور وہ اللہ کی نظر میں سزا وار ٹھہریں گے ۔یاد رہے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اسرائیل سے پانچ روزہ جنگ بندی کے بدلے ستر یرغمال خواتین و بچوں کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی تھی ، ابوعبیدہ نے آڈیو پیغام میں کہا قطری ثالثیوں کو بتا دیا ہے یرغمالیوں کی رہائی کی صورت میں ہرانسانی امداد کی اجازت ہونی چاہیے ۔