جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد9200ہوگئی
یو این آئی
غزہ//غزہ میں اسرائیلی فوج کی رہائشی آبادیوں پر وحشیانہ بمباری جاری ہے ، جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر لگاتار تیسرے روز بمباری کے علاوہ اسرائیلی فوج نے البریج پناہ گزین کیمپ پر بھی بم برسا دیے ۔اسرائیل نے شاطئی کیمپ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے تحت چلنے والے اسکول کو بھی نشانہ بنایا جبکہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے القدس اسپتال کے قریب بھی بم برسائے ۔اسرائیل کے غزہ میں جبالیہ کیمپ پر 3 دن میں تیسرے حملہ کے بعد گزشتہ تین روز میں ہوئے حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 2 سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 7 سو سے زیادہ زخمی اور 100 سے زائد افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔اب تک اسرائیلی حملوں میں 3 ہزار 7 سو سے زائد بچوں سمیت ہلاک فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار 2 سو ہوگئی ہے جبکہ 24 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے پورے غزہ شہر کا محاصرہ کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے جس کے بعد زمینی فوج کی بڑی کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کے خلاف حماس اور حزب اللہ کے جوابی حملے بھی جاری ہیں، جنوبی لبنان سے اسرائیلی شہر کریات شمونہ پر راکٹوں سے حملہ کیا گیا، حزب اللہ کے حملے میں متعدد گاڑیوں اور مکانات میں آگ لگ گئی۔لبنان سے فائرکئے گئے میزائل سے دوسرا اسرائیلی ڈرون بھی تباہ ہوگیا، حزب اللہ نے 2 مسلح ڈرونز سے اسرائیلی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا ہے ۔وسری جانب لبنان کی حزب اللہ اور فلسطین کی مزاحمتی تنظیم القسام بریگیڈ نے مشترکہ طور پر اسرائیل کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔حزب اللہ کا کہنا ہے کہ مشترکہ حملوں میں 19 اسرائیلی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا سہ پہر 3:30 بجے سرحد کے ساتھ ملٹری پوزیشنوں پر بیک وقت حملہ کیے گئے ۔حزب اللہ کے سربراہ نصراللہ کی انتہائی اہم متوقع تقریر سے پہلے سرحد پر محاذ گرم ہو گیا ہے لبنان سے حملے اسرائیلی فوجی ٹھکانوں اور ملک کے شمال میں ایک قصبے کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔اسرائیل کی غزہ پر جارحیت کے نتیجے میں مشرق وسطی پر بڑی جنگ کے سائے منڈلانے لگے ، حزب اللہ نے اسرائیل کو جنگ بندی کے لئے آج جمعہ کا الٹی میٹم دیا ہے ۔حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کا کہنا ہے کہ سیز فائر نہ ہوا تو جنگ میں براہِ راست شامل ہو جائیں گے ۔