یو این آئی
اوٹاوا// کیناڈا نے ہندوستان میں تعینات اپنے 41سفارت کاروں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خالصتانی انتہاپسند کی ہلاکت پر دونوں ممالک کے درمیان پیدا شدہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ ہندوستان کا فیصلہ ہردیپ سنگھ نجار کے قتل کی مناسب تحقیقات سے کیناڈا کی توجہ نہیں بھٹکائے گا۔کیناڈا کی وزارت خارجہ نے جمعرات کی دیر رات ایک بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی۔
بیان میں کیناڈا نے ہندوستان کی کارروائی کو غیر منصفانہ، کشیدگی بڑھانے والی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ کیناڈا نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ جوابی کارروائی میں ایسی کوئی کارروائی نہیں کرے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ “کیناڈا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ہندوستان نے نئی دہلی میں 21 کیناڈین سفارت کاروں اور ان کے زیر کفالت افراد کے علاوہ سبھی کے لیے 20 اکتوبر تک یکطرفہ طور پر سفارتی مراعات ختم کرنے کے اپنے منصوبے کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع کیا ہے۔