ایم ایم پرویز
رام بن//ادھم پور سری نگر بارہمولہ ریل لنک پروجیکٹ کے 111 طویل بانہال کٹرہ سیکشن پر رام بن ضلع کے بانہال اور کھڑی ریلوے سٹیشنوں کے درمیان ٹرالی رن چل رہا ہے کیونکہ رام بن ضلع میں بانہال اور کھڑی ریلوے سٹیشنوں کے درمیان ٹریک بچھانے کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔اس سے قبل اگست میں 8.6 کلومیٹر طویل ٹرین ٹنل پر پہلا ٹریل T-74 کامیابی سے چلایا گیا تھا۔عہدیداروں نے بتایا کہ بانہال۔کھڑی اور کھڑی-سمبڑریلوے سٹیشنوں کے درمیان ٹریک بچھانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے اور ٹرائیل ٹرالی چلانے کا کام انجینئر اور تکنیکی ماہرین کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریلوے سٹیشن بانہال سے ریلوے سٹیشن کھڑی تک ایک ٹرالی رن ناردرن ریلوے کے سینئر افسران اور انجینئروں اور تعمیراتی کمپنی ارکان کے عہدیداروں کی موجودگی میں چلائی گئی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس کے بعد ہماری توجہ سمبڑاور سنگلدان سٹیشنوں پر ہے۔ریلوے حکام نے بتایا کہ ریلوے سٹیشن کھڑی، سمبڑ اور سنگلدان کیلئے عمارتیں اور دیگر بنیادی ڈھانچہ تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سمبڑ اور سنگلدان سٹیشنوں کے درمیان پلیٹ فارم اور ریلوے ٹریک بچھانے کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم رام بن ضلع میں کٹرہ۔بانہال ٹریک پر تین اہم سٹیشنوں کھڑی، سمبڑ اور سنگلدان پر زیر التواء کاموں کو مکمل کرنے کیلئے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم امید کر رہے ہیں کہ ریل کٹرہ۔بانہال سیکشن پر جلد ہی چل پڑے گی۔اس سے قبل جولائی 2023 میں جی ایم، شمالی ریلوے شبھم چوڑھے نے 111 کلومیٹرکٹرہ بانہال پر جاری کاموں کی پیشرفت کا معائنہ کرنے کے بعد بتایا تھا کہ 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔