یو این آئی
ہوائی// امریکی ریاست ہوائی کے جزیرے ماوئی میں جنگل میں لگنے والی آگ سے 1100 سے زیادہ لوگ اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ 1400 سے زیادہ لوگ محفوظ پائے گئے ہیں۔یہاں ایمرجنسی رسپانس حکام نے بدھ کو یہ اطلاع دی۔حکام نے بتایا کہ ’ماوئی کے جنگل کی آگ کی تباہی کے بعد 1100 سے زیادہ لوگ لاپتہ ہیں جبکہ 1400 سے زیادہ محفوظ پائے گئے ہیں‘۔کاؤنٹی حکام نے بتایا کہ وہ لاپتہ افراد کے اہل خانہ کے ساتھ ڈی این اے کے نمونے جمع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ ان کی شناخت میں آسانی ہو۔ماوئی کاؤنٹی کے پراسیکیوٹر اینڈریو مارٹن نے بیان میں کہا’’میں اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ لوگ اپنے خاندان کے افراد کی تلاش میں کو آسان بنانے کے لئے ڈی این اے کے نمونے فراہم کریں۔ جس کا واحد مقصد بے حساب لوگوں کی شناخت کرنا ہے‘‘۔ماوئی کاؤنٹی کے میئر رچرڈ بسن نے کہا کہ جزیرے ماوئی میں جنگل کی آگ سے کم از کم 114 افراد ہلاک اور 850 سے زائد لاپتہ ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ہوائی کے جنگلات میں تیز ہواؤں کے باعث آگ نے مزید بھیانک شکل اختیار کر لی۔ اس آگ میں مشہور سیاحتی شہر لاہینا سمیت کئی بستیاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ حکام نے حفاظت کے پیش نظر آگ والے علاقوں میں سڑکیں بند کر دی ہیں۔ سینکڑوں مقامی لوگوں کو اس علاقے سے بحفاظت نکال لیا گیا۔