واشنگٹن/یواین آئی/امریکہ میں گھرکے بھیدی لنکا ڈھائے ، سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمے میں انہی کے دست راست اور نائب صدر مائیک پنس ان کے خلاف اہم گواہ بن گئے۔گزشتہ روز سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 2020 کے صدارتی الیکشن پراثرانداز ہونے اور 6 جنوری 2021 کے کیپیٹل ہل حملے کے الزامات پر فرد جرم عائد کی گئی۔سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تیسری بار فرد جرم عائد کی گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق نئی فرد جرم میں ڈونلڈ ٹرمپ پر کار سرکار میں مداخلت کی کوشش، امریکہ کو دھوکہ دینے کی سازش اور حقوق پامال کرنے کی سازش کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔تاہم سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خلاف مقدمے میں انہی کے دست راست اور سابق نائب صدر مائیک پنس ان کے خلاف اہم گواہ بن گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی نائب صدر مائیک پنس نے کہا ہے کہ جو شخص خود کو آئین سے ماورا سمجھتا ہو ، اسے صدر بننے کا حق نہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن نتائج کے روز اور اس کے بعد ٹرمپ نے جوبھی کہا وہ جھوٹ ہے اور ملکی آئین کے خلاف ہے۔