عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے جمعرات کو ایک جنگجو معاون کار کو گرفتار کر کے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے بتایا کہ حراست میں لیا گیا جنگجو معاون کار پہلے ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اسی کے مطابق اس کے خلاف یو اے پی اے ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس کا این آئی اے عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ عبدالکریم کی موجودہ سرگرمیاں ملک کی سلامتی کے لیے نقصان دہ ہیں اور معاشرے میں اس کی آزادانہ نقل و حرکت بھی نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے کے لیے حالات پیدا کرتی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ گرفتار شخص کی شناخت عبدالکریم بٹ ولد محمد انور بٹ سکنہ بدھت سرور تحصیل درابشالہ ضلع کشتواڑ کے طور پر ہوئی ہے، عبدالکریم کٹر HM A++ کیٹیگری کے جنگجو جہانگیر سروری کا بھائی ہے۔
ایس ایس پی کشتواڑ، خلیل پوسوال نے کہا کہ پولیس فورس ملک دشمن عناصر سے نمٹنے کے لیے کثیر الجہتی نقطہ نظر کو بروئے کار لا رہی ہے۔ عوام کو آگاہ کرنے کے لیے آگاہی پروگرام منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ، پولیس امن اور ہم آہنگی میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے سے دریغ نہیں کرے گی۔
ایس ایس پی نے تمام او جی ڈبلیوز اور ملک دشمن عناصر کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ کشتواڑ پولیس کسی بھی ایسی سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گی جس سے ملک کی سلامتی کو خطرہ ہو۔ انہوں نے انہیں امن کی راہ پر واپس آنے کی تلقین کی اور عوام پر زور دیا کہ وہ محفوظ اور پرامن ماحول کو برقرار رکھنے میں پولیس کا تعاون کریں۔