یو این آئی
جموں// ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیرمین غلام نبی آزاد نے پیر کے روز کہاکہ پارٹی کی جدوجہد کے باعث ہی زمینوں کی بے دخلی اور راشن کٹوتی کے مسائل حل ہوئے ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے بانہال میں پارٹی کنونشن سے ٹیلی خطاب کے دوران کیا۔
غلام نبی آزاد نے کہا کہ ’ڈی پی اے پی‘ نے اس سال جنوری سے مارچ تک پورے جموں و کشمیر میں تین مہینوں میں 20سے زائد احتجاجی ریلیاں نکالی ہیں جن میں اراضی کی بے دخلی اور راشن کی کٹوتی کے بڑے مسائل کو حل کیا گیا ہے۔
آزاد نے کہا”یہ سڑکوں پر ’ڈی پی اے پی‘ کی احتجاجی ریلیاں تھیں جس نے حکومت کی توجہ ان اہم مسائل کی طرف دلائی جو لوگوں کو زبردستی اراضی کی بے دخلی اور راشن کی کٹوتی کی شکل میں درپیش ہیں، انتظامیہ نے، بڑھتی ہوئی ناراضگی کو محسوس کرتے ہوئے، بے دخلی کی مہم کو روک دیا اور جموں و کشمیر میں تمام زمروں میں راشن کوٹہ کو بڑھا کر 10 کلو کر دیا“۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ کسی دوسری سیاسی جماعت نے ان اہم مسائل کے خلاف آواز نہیں اٹھائی، سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ 100، 70 یا 30 سال پرانی سیاسی جماعتیں ہوں، انہوں نے صرف اخباری بیانات جاری کیے اور لوگوں کی تشویش پر خاموش رہے۔
جموں و کشمیر کے لوگوں تک پہنچنے کے لیے پارٹی کارکنوں اور قیادت پر زور دیتے ہوئے آزاد نے کہا کہ وہ اگست سے ستمبر تک تمام ڈی پی اے پی کنونشنوں سے خطاب کریں گے اور ان میں شرکت کریں گے تاکہ پارٹی کیڈر آئندہ انتخابات کے لیے تیار ہو سکے۔