عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// چیف الیکٹورل آفیسر، جموں و کشمیر کی ہدایت کے مطابق، سری نگر اور جموں میونسپل کارپوریشنوں کی تمام وارڈوں میں منگل (یکم اگست 2023) سے انتخابی فہرستوں کی خصوصی سمری نظر ثانی کی جائے گی۔
دونوں کارپوریشنز کی مدت نومبر 2023 میں ختم ہونے والی ہے۔ دونوں اداروں کے لیے عام انتخابات ستمبر-اکتوبر 2018 میں ہوئے تھے۔
سی ای او جموں وکشمیر کی طرف سے جاری ایک حکم نامہ کے مطابق،”جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن (انتخابات) کے قواعد 2003 کے قاعدہ 12 کے مطابق، انتخابی فہرستوں کو کارپوریشنوں کے ہر عام انتخابات کے انعقاد سے پہلے یا کسی بھی وارڈ کے لیے یا کسی وارڈ میں اسامی کو پر کرنے ایک کے لیے مقررہ طریقے سے نظرثانی کرنا ضروری ہے۔ ان کارپوریشنوں کے لیے میونسپل انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی/اپ ڈیٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے حوالے سے یکم جولائی2023 کو کوالیفائنگ کی تاریخ مقرر کیا گیا ہے”۔
حکم نامے کے مطابق، مسودہ انتخابی فہرستوں کی اشاعت کی تاریخ یکم اگست2023 مقرر کی گئی ہے۔ دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت یکم اگست سے 13 اگست تک ہوگی۔ انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت 25 اگست مقرر کی گئی ہے۔