عظمیٰ نیوزڈیسک
خیبرپختونخوا// پاکستان میں ایک بار پھر مسجد میں بم دھماکہ ہوا۔ پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں تھانہ علی مسجد کی حدود میں دھماکہ ہوا، جس میں ایڈیشنل ایس ایچ او کی موت ہوگئی اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔ زخمی پولیس اہلکارحیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں زیر علاج ہیں اور ان کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ خودکش دھماکہ لگتا ہے۔ دھماکے میں مرنے والے پولیس اہلکار ایس ایچ او کی شناخت عدنان آفریدی کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ضلع خیبر پولیس نے جمرود میں مسجد میں دو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ پولیس نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ان میں سے ایک نے خود کو دھماکہ سے اڑا لیا جبکہ دوسرا دہشت گرد بم دھماکہ کی جگہ سے فرار ہو گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکورٹی فورسز نے فرار ہوئے دہشت گرد کو کامیابی سے گرفتار کرلیا ہے۔