عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ// سیکورٹی فورسز نے پونچھ میں دراندازی کی بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو جنگجووں کو مار گرانے اور بڑی مقدار میں اسلحہ و دیگر جنگی مواد بر آمد کرنے دعویٰ کیا ہے ۔
دفاعی ترجمان نے بتایا کہ فوج اور جموں کشمیر پولیس نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران ضلع پونچھ کے کرشنا گھاٹی سیکٹر میں 16 اور 17 جولائی کی درمیانی شب دراندازی کی ایک بڑی کوشش کے دوران مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملی۔ جس کے بعد دریائے پونچھ کے قریب بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ پیر کی صبح کے اوائل میں دراندازوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 جنگجو مارے گئے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ایک جنگجو ہلاک ہو کر موقع پر ہی گر گیا جبکہ دوسرے جنگجو کو دریائے پونچھ میں گرتے ہوئے دیکھا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ دانستہ اور بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن میں جائے وقوعہ سے ایک دہشت گرد کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ اسی دوران بڑا جنگی ذخیرہ بھی برآمد کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ برآمد اسلحہ میں اے کے 74 رائفل بمعہ میگزین، گیارہ راوند اور کھانے پینے کی دیگر اشیاءشامل ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ دراندازی کا مقصد ضلع پونچھ میں امن و امان کو خراب کرنا تھا۔
دفاعی ترجمان نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز لائن آف کنٹرول پر مسلسل چوکس ہیں اور مستقبل میں بھی ایسی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔