عظمیٰ نیوزڈیسک
دبئی //سوڈان میں فوج کے دو متحارب فریقین کے درمیان جاری لڑائی کے دوران خرطوم ریاست میں وزارت صحت نے اطلاع دی ہے کہ ام درمان کے ایک مشہور بازار میں اندھا دھند گولہ باری سے بچوں سمیت 34 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دوسری طرف سوڈان کی سرکاری فوج اور منحرف سریع الحرکت فورسز(آر ایس ایف) نے اس حملے میں ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرایا ہے۔خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر (الملجہ) مارکیٹ کے تاجر اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے مالک تھے۔ایک متعلقہ سیاق و سباق میں العربیہ اور الحدث کینامہ نگار نے بتایا کہ “سوڈانی پولیس فورسز ام درمان کے کرری علاقے میں واپس آگئی ہیں۔ اس علاقے میں حالیہ جھڑپوں کے دوران ریپڈ سپورٹ فورسز پسپا ہوگئی ہیں۔ ویڈیوز اور تصاویر میں علاقے میں متعدد فورسز کی تعیناتی کو دکھایا گیا ہے۔سوڈانی فوج کی مسلسل معیاری کارروائیوں اور ام درمان کے جنوب میں تقریباً روزانہ کی تلاشی کی وجہ سے ’آر ایس ایف‘ کے جنگجوؤں کو پسپائی پر مجبور کیا ہے۔ ام درمان میں جاسوسی طیارے بھی پرواز کر رہے ہیں تاہم مجموعی طور پر یہ علاقہ اکا دکا جھڑپوں کے سوا نسبتا پرسکون ہے۔ام درمان کے جنوب میں واقع علاقے “الشقلہ” کے مرکزی ٹرانسپورٹ اسٹیشن سے آنے والوں کا کہنا تھا کہ اسٹیشن خالی تھا۔