عظمیٰ نیوزڈیسک
لندن//امریکی صدر جو بائیڈن نے واشنگٹن کے قریبی اتحادی برطانیہ کے ساتھ ‘چٹان سی مضبوط’ دوستی کا اظہار کیا ہے۔بائیڈن لیتھوانیا میں نیٹو سربراہ اجلاس میں شرکت سمیت تین ممالک کے دورے کے پہلے مرحلے میں اتوار کی رات لندن پہنچے تھے۔ انھوں نے سوموار کو برطانوی وزیر اعظم رشی سوناک سے ان کے دفتر واقع 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ملاقات کی ہے۔انھوں نے شاہ چارلس سے بھی ملاقات کی ہے۔انھوں نے مئی میں ان کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی اوران کی جگہ خاتون اول جل بائیڈن نے شرکت کی تھی۔رشی سوناک نے ڈاؤننگ اسٹریٹ گارڈن میں ملاقات میں بائیڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے لیے اپنی بات چیت جاری رکھنا بہت اچھا ہے‘‘۔ امریکی صدر نے جواب میں کہا کہ ’’ہمارے پاس بات کرنے کے لیے بہت کچھ ہے۔ ہمارے تعلقات مضبوط ہیں‘‘۔وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے قبل ازیں کہا کہ دونوں رہنما منگل کو لتھوانیا میں شروع ہونے والے نیٹو سربراہ اجلاس سے قبل نوٹس کا تبادلہ بھی کریں گے۔اس دورے سے قبل بائیڈن نے یوکرین کی نیٹو میں شمولیت کی مہم کے بارے میں محتاط رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاہدہ شمالی اوقیانوس کی وجہ سے فوجی اتحاد روس کے ساتھ جنگ میں الجھ سکتا ہے۔