یو این آئی
نیویارک// وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یوگا کے بین الاقوامی دن کے ذریعے یوگا ایک عالمی تحریک بن گیا ہے۔
یوگا کے 9ویں عالمی دن کے موقع پر بدھ کو ایک ویڈیو پیغام میں مودی نے جو امریکہ کے دورے پر ہیں’’یوگا کے بین الاقوامی دن‘ کے موقع پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس بار وہ مختلف ذمہ داریوں کی وجہ سے امریکہ میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج شام ہندوستانی وقت کے مطابق 5 بجے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد یوگا ڈے کی تقریبات میں شرکت کریں گے۔
مودی نے کہا کہ ہندوستان کی اپیل پر دنیا کے 180 سے زیادہ ممالک کا ایک ساتھ آنا تاریخی اور بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا “آپ سب کو یاد ہوگا، 2014 میں جب یوگا ڈے کی تجویز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آئی تھی، ریکارڈ تعداد میں ممالک نے اس کی حمایت کی تھی۔ تب سے یوگا کے بین الاقوامی دن کے ذریعے، یوگا ایک عالمی تحریک، ایک عالمی جذبہ بن گیا ہے۔‘‘
مودی نے کہا کہ اس سال یوگا ڈے کے پروگراموں کو ’اوشین رِنگ آف یوگا‘ نے مزید خاص بنادیا ہے۔ یہ یوگا کے خیال اور سمندر کی وسعت کے باہمی تعلق پر مبنی ہے۔ فوجی جوانوں نے ہمارے آبی ذخائر کے ساتھ ’یوگ بھارت مالا اور یوگا ساگرمالا‘ بھی بنائی ہے۔ اسی طرح آرکٹک سے انٹارکٹیکا تک ہندوستان کے دو تحقیقی اڈے یعنی زمین کے دو قطب بھی یوگا سے جڑے ہوئے ہیں۔ یوگا کی اس انوکھی تقریب میں ملک اور دنیا بھر سے کروڑوں لوگوں کی اس طرح بے ساختہ شرکت، یوگا کے پھیلاؤ اور شہرت کی عظمت کو واضح کرتی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ یہ یوگا کے لیے کہا گیا ہے ’یوگا: کرماسو کوشلم‘ یعنی عمل میں مہارت ہی یوگا ہے۔ آزادی کے امرت کال میں یہ منتر ہم سب کے لیے بہت اہم ہے۔جب ہم اپنے فرائض کے لیے وقف ہوتے ہیں تو ہم یوگا کے کمال تک پہنچ جاتے ہیں۔ یوگا کے ذریعے ہم بے لوث عمل کو جانتے ہیں، ہم کرما سے کرمایوگا تک کا سفر طے کرتے ہیں۔ مجھے یقین ہے، یوگا کے ساتھ، ہم اپنی صحت کو بھی بہتر بنائیں گے، اور ان عزائم کو بھی اپنائیں گے۔ ہماری جسمانی طاقت، ہماری ذہنی وسعت، ہماری شعوری طاقت، ہماری اجتماعی توانائی ترقی یافتہ ہندوستان کی بنیاد بنے گی۔