یو این آئی
رم اللہ//فلسطین کے پناہ گزینوں کیلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے ) نے جمعہ کو ویسٹ بینک میں ان کیلئے اپنی خدمات دوبارہ شروع کیں۔ایک سینئر عہدیدار نے ہفتہ کو یہ اعلان کیا۔ یو این آر ڈبلیو اے کے کمشنر جنرل فلپ لازارینی نے کہاکہ چار مارچ سے یونین کی ہڑتال سے فلسطینی پناہ گزین بری طرح متاثر ہوئے ہیں لیکن ہمیں راحت ہے کہ یو این آر ڈبلیو اے اب ویسٹ بینک میں پناہ گزین کمیونٹیوں کو خدمات فراہم کرنے کے قابل ہے ۔ویسٹ بینک میں یو این آر ڈبلیو اے ورکرز یونین نے جمعرات کو اپنی ہڑتال ختم کر دی، جو مسلسل چار ماہ سے جاری تھی۔ لازارینی نے کہا’’اس وقت ہماری اولین ترجیح یو این آر ڈبلیو اے سے 90 اسکولوں کو دوبارہ کھولنا ہے ، تاکہ اس سال 40ہزار سے زائد بچے ،جنہیں اس سال اسکول چھوڑنے کا خطرہ تھا،وہ تعلیم کے نقصان سے بچ سکیں‘‘۔اقوام متحدہ کی ایجنسی کے مطابق لمبے وقت سے کم فنڈنگ نے ایجنسی کے وسائل کو ختم کر دیا تھا اور اس کی خدمات کے معیار میںگراوٹ آئی تھی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئٹیرس نے تنبیہ کی کہ یو این آر ڈبلیو اے مالی تباہی کے دہانے پر ہے ۔