نئی دہلی// مرکزی وزارت برائے کانکنی کے سکریٹری وویک بھردواج نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں پائے جانے والے لیتھیم کے ذخائر کی نیلامی دسمبر تک شروع کی جائے گی۔
منگل کو ایک صنعتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، سیکرٹری نے کہا کہ وزارت نے جموں و کشمیر انتظامیہ کو لیتھیم کی نیلامی کے لیے لین دین کے مشیر کو خط لکھا ہے۔
بھردواج نے کہا،”ہم نے آف شور مائننگ ایکٹ میں ترمیم پر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ امید ہے کہ ہم جلد ہی اسے پارلیمنٹ میں بحث کے لیے لائیں گے“۔
انہوں نے کہا،”ہم 5.9 ملین ٹن لیتھیم دریافت کرنے میں خوش قسمت رہے ہیں۔ ہم دراصل چونے کے پتھروں کی تلاش میں تھے جو جموں کشمیر میں دستیاب ہیں۔ ہمیں چونا پتھر، باکسائٹ اور لیتھیم ایک ساتھ ملا۔ ان معدنیات کی تلاش میں نئے سرے سے دلچسپی پیدا ہوئی ہے“۔
اس سے قبل مرکزی حکومت نے اس سال فروری میں کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں ملک میں پہلی بار 5.9 ملین ٹن لیتھیم کے ذخائر ملے ہیں۔
“جیولوجیکل سروے آف انڈیا (جی ایس آئی)نے فیلڈ سیزن 2020-21 اور 2021-22 کے دوران ضلع ریاسی کے سلال-ہیمنہ علاقوں میں جی3 مرحلے کے معدنیات کی تلاش کا منصوبہ انجام دیا اور 5.9 ملین ٹن لیتھیم دریافت کیا گیا جس کی رپورٹ جموں و کشمیر کی حکومت کے حوالے کر دی گئی ہے”۔
جیولوجیکل سروے آف انڈیا نے جموں و کشمیر میں لیتھیم وسائل کی شناخت کے لیے مزید سرگرمیوں کی تجویز پیش کی ہے۔
ریاسی میں دریافت لیتھیم کی نیلامی دسمبر میں شروع کی جائے گی: حکومت