راجوری// ضلع راجوری میں ایل او سی کے نزدیک 2 فوجی اہلکار اس وقت ہلاک ہو گئے جب ایک فوجی ایمبولینس حادثے کا شکار ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق، لائن آف کنٹرول کے کیری ڈونگلا علاقے میں فوجی ایمبولینس اس وقت حادثہ کا شکار ہوئی جب وہ کچھ سامان لے کر اپنے کیمپ کی طرف لے جا رہی تھی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ حادثے میں2 فوجی اہلکار شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو فوری طور پر جائے حادثہ سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔
پولیس ذرائع نے متوفین کی شناخت بہار کے رہائشی حوالدار سدھیر کمار اور راجوری کے رہائشی پرم ویر شرما کے طور پر کی ہے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔