سری نگر// الیکشن کمیشن آف انڈیا نے جموں و کشمیر میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی سمری نظرثانی کے شیڈول کو دوبارہ مرتب کیا ہے۔
پولنگ باڈی نے جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کو بھیجے گئے ایک مکتوب میں ووٹر نظرثانی کے شیڈول میں ترمیم کے لیے ان کی طرف سے بھیجی گئی تجویز کو منظوری دی ہے۔
یہ مشق، جو بصورت دیگر 10 مئی کو ختم ہوتی، اب 27 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔
نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق 05 اپریل سے 6 مئی تک دعوے اور اعتراضات دائر کیے جاسکتے ہیں۔
دعوے اور اعتراضات 15 مئی تک نمٹائے جائیں گے۔
حتمی ووٹر لسٹ 27 مئی کو شائع کی جائے گی۔
سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) رنجنا ڈیسائی کی سربراہی میں تین رکنی پینل کی جانب سے حد بندی کی مشق کے اختتام کے بعد جموں و کشمیر میں ایک سال سے بھی کم عرصے میں یہ دوسری ووٹر فہرستوں پر نظرثانی ہے۔ حد بندی کی مشق 5 مئی 2022 کو پینل کے ذریعے اختتام پذیر ہوئی جب اس نے جموں و کشمیر کے حتمی انتخابی نقشے کی نقاب کشائی کی۔ جموں و کشمیر تقریباً پانچ سال سے منتخب حکومت کے بغیر ہے۔
سابقہ ریاست 19 جون 2018 سے مرکزی حکومت کے تحت ہے جب بی جے پی نے جموں و کشمیر میں “سکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال” کا حوالہ دیتے ہوئے محبوبہ مفتی کی قیادت والی حکومت سے حمایت واپس لے لی۔
انتخابی فہرستوں کی نظرثانی: مشق اب 27 مئی کو اختتام پذیر ہوگی: الیکشن کمیشن