نئی دہلی//کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے کہا کہ راہول گاندھی کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور پارٹی ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی ایجنسیوں کی تمام ہدایات پر عمل کرے گی۔
بتادیں کہ راہول گاندھی کی زیرِ قیادت بھارت جوڑو یاترا اتوار کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں و کشمیر کے ہیرا نگر سے دوبارہ شروع ہوئی، تاہم گزشتہ روز جموں میں دو دھماکوں کی اطلاع ملی تھی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رمیش نے کہا،”راہول گاندھی کی سیکورٹی کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ یہ ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم سیکورٹی ایجنسیوں کے کہنے پر عمل کریں گے“۔
راہول گاندھی صبح 8 بجے لونڈی چوکی کو عبور کرنے کے بعد اپنی یاترا کے ساتھ سانبہ ضلع کے تپیال گگوال میں داخل ہوئے۔
ان کے ہمراہ جموں وکشمیر پردیش کانگریس کے سربراہ وقار رسول وانی، کارگزار صدر رمن بھلا اور سینکڑوں رضاکار بھی موجود ہیں۔
تقریباً 25 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعدیاترا رات کا قیام چک نانک میں کرے گی، اورپیر کو سانبہ کے وجے پور سے دوبارہ شروع ہوکر جموں پہنچے گی۔
راہول گاندھی کی حفاظت اولین ترجیح، ایجنسیاں جو کہیں گی وہی کریں گے: جے رام رمیش