کٹھوعہ//کٹھوعہ ضلع کی تحصیل بلاور کے دھنو پیرول علاقے میں جمعہ کی دیر شام ایک ٹیمپو گہری کھائی میں گرنے سے پانچ مسافروں کی موت ہو گئی اور 15 دیگر زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ پولیس تھانہ بلاور کے دائرہ اختیار میں اس وقت پیش آیا جب مسافروں کو لے کر ایک ٹیمپو میکسی کیب زیر نمبر JK06-2992کوگ سے دھنو پیرول کی طرف جا رہا تھا کہ دھنو پیرول کے قریب سیلا پہنچنے پر بارش کے بعد سڑک پر پیدا ہوئی پھسلن کی وجہ سے 100سے150 میٹر گہری کھائی میں جا گرا۔
مقامی افراد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
بعد ازاں ایس ایچ او سنیل شرما کی قیادت میں پولیس تھانہ بلاور کی ایک ٹیم بھی جائے حادثہ پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر ہی چار مسافروں کی لاشیں برآمد کیں جبکہ شدید زخمی 16 مسافروں کو بچا کر طبی امداد کے لیے سب ضلع ہسپتال (ایس ڈی ایچ) بلاور منتقل کر دیا گیا۔
بعد ازاں، زخمیوں میں سے ایک، جس کی شناخت کاکو رام ولد کرشن چند سکنہ دھنو پیرول کے طور پر ہوئی، ایس ڈی ایچ بلاور میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، جس سے مرنے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی۔
دیگر متوفین کی شناخت بنٹو ولد ایشر داس ساکنہ وارڈ نمبر 9 بلاور، ہنس راج ولد منشی رام ساکنہ وارڈ نمبر 9 ، اجیت سنگھ (32) ولد رام چند ساکنہ دھنو پیرول اوروارڈ نمبر 4 (بتھوڑی) کے رہائشی ہنس راج کی اہلیہ امرو کے طور پر ہوئی ہے۔
زرائع نے بتایا کہ شدید زخمی ریشما بیگم اور نیلم نامی دو مسافروں کو بعد میں انہیں خصوصی علاج کے لیے ایس ڈی ایچ بلاور سے گورنمنٹ میڈیکل کالج کٹھوعہ منتقل کیا گیا۔
اس سلسلے میں تھانہ بلاور میں مقدمہ درج کرکے حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
کٹھوعہ میں دلخراش سڑک حادثہ، 5 افراد ہلاک، 15 زخمی