ویب ڈیسک
دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ شیئرنگ ایپلی کیشن واٹس نے اب تک کا انقلابی فیچر متعارف کراتے ہوئے ’پراکسی سپورٹ‘ متعارف کرادی، جس کے بعد اسے انٹرنیٹ کے بغیر بھی چلانا ممکن بن گیا۔جی ہاں! واٹس ایپ نے سال 2023 کے آغاز میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی کو متعارف کراتے ہوئے تصدیق کی کہ اب ایپلی کیشن کو ’پراکسی سپورٹ‘ کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ کے مطابق اس وقت ایران سمیت متعدد ممالک میں لوگوں کو ایک دوسرے سے منقطع کرنے کے لیے انٹرنیٹ کو بند کردیا گیا ہے یا پھر واٹس ایپ سمیت دیگر ایپس کو بلاک کردیا گیا ہے جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔بلاگ میں بتایا گیا کہ انسانی حقوق کی بحالی اور لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ کروانے کے لیے ہی واٹس ایپ پراکسی سپورٹ متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کی مدد سے لوگ انٹرنیٹ کی بندش اور ایپس پر پابندی کے باوجود واٹس ایپ کو آسانی سے استعمال کر سکیں گے۔واٹس ایپ کے مطابق پراکسی سپورٹ کے باوجود صارفین کے میسیجز اور کالز اینڈ ٹو اینڈ رہیں گی، یعنی انہیں واٹس ایپ اور میٹا سمیت پراکسی سرور نہ دیکھ سکیں گے اور نہ ہی سن سکیں گے۔
پراکسی سپورٹ کیا ہے؟
پراکسی سپورٹ کا آسان مطلب یہ ہے کہ جن علاقوں یا ممالک میں انٹرنیٹ کی سروس کو بند کیا گیا ہوگا یا پھر وہاں پر واٹس ایپ پر پابندی ہوگی، وہاں کے لوگ مذکورہ فیچر کے تحت آسانی سے واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے۔اس فیچر کے تحت واٹس ایپ خود انٹرنیٹ فراہم نہیں کرے گا بلکہ دنیا کی مختلف فلاحی تنظیموں کی جانب سے بنائے گئے پراکسی نیٹ ورک سرور مفت انٹرنیٹ فراہم کریں گے۔پراکسی انٹرنیٹ سرور نہ صرف انٹرنیٹ فراہم کریں گے بلکہ یہ واٹس ایپ پر پابندی کے باوجود اسے وہاں چلانے کے قابل بنائیں گے۔دنیا کی متعدد فلاحی اور انسانی حقوق تنظیموں نے مفت پراکسی انٹرنیٹ سرور بنا رکھے ہیں جو کہ دنیا بھر کے ممالک کو مفت انٹرنیٹ اور دیگر سروسز فراہم کر رہے ہیں۔مذکورہ پراکسی انٹرنیٹ سروسز مفت ہوتے ہیں اور یہ انٹرنیٹ کنیکشنز کے بغیر ہی کام کرتے ہیں مگر ایسے سرورز کے لیے صارفین کو پہلے معلومات حاصل کرنی پڑے گی۔
پراکسی سپورٹ فیچر کیسے آن کریں؟
عام طور پر مذکورہ فیچر ان ہی علاقوں میں کام کرے گا، جہاں حکومت یا انتظامیہ کی طرف سے انٹرنیٹ کی بندش کی گئی ہوگی اور وہاں واٹس ایپ پر بھی پابندی ہوگی۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنی واٹس ایپ سیٹنگ میں جانا ہوگا۔واٹس ایپ سیٹنگ کے بار کو کلک کرنے کے بعد ’اسٹوریج اینڈ ڈیٹا‘ کو کلک کرنا ہوگا، جہاں بالکل آخر میں ’پراکسی سیٹنگ‘ کا آپشن ہوگا۔صارف کو ’پراکسی سیٹنگ‘ پر کلک کرنا ہوگا، جس کے بعد ایک نئی ونڈو کھلے گی، جہاں پراکسی سیٹنگ کو آن کرنا ہوگا۔پراکسی سیٹنگ کو آن کرنے کے بعد سسٹم ’پراکسی سرور‘ کو استعمال کرنے کا پوچھے گا اور اس کے لیے صارفین کو پہلے پراکسی انٹرنیٹ سرور کو ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا۔یعنی صارفین کو سب سے پہلے ’فری پراکسی انٹرنیٹ سرور‘ کو اپنے فون میں ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگا، جس کے بعد وہ واٹس ایپ سیٹنگ میں جاکر اس پراکسی سرور کو واٹس ایپ کے ساتھ کنیکٹ کر پائے گا۔اس فیچر کے لیے سب سے مشکل بات یہ ہے کہ صارف کو پہلے سے یہ علم ہونا چاہئیے کہ مفت پراکسی انٹرنیٹ سرور کون سے ہیں اور سب سے زیادہ محفوظ سرور کون سا ہے؟اس ضمن میں واٹس ایپ صارفین کی کوئی رہنمائی نہیں کرے گا کہ کون سا پراکسی سرور محفوظ ہے۔صارفین کو پہلے سے ہی ایسے پراکسی سرورز ڈاؤن لوڈ کرنے پڑیں گے جو ہنگامی صورتحال میں کام آ سکیں گے۔
دریں اثنا اِدھرسوشل ویب سائٹ فیس بک نے 9 سال بعد چیٹنگ فیچر میسینجر کو پھر سے اپنا حصہ بنا لیا، اب صارفین میسینجر ایپلی کیشن کے بغیر ہی فیس بک پر چیٹنگ کر سکیں گے۔میسینجر کی الگ ایپلی کیشن کو 2014 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ اسے میسینجنگ ایپلی کیشن کے طور پر آگے بڑھایا جا سکے۔میسینجر کو الگ ایپلی کیشن کا درجہ دیے جانے کے بعد صارفین کو فیس بک کا انباکس موبائل پر استعمال کرتے وقت میسینجر کی ایپ الگ سے ڈاؤن لوڈ کرنی پڑتی تھی۔
اگرچہ موبائل صارفین فیس بک انباکس میں ہی میسیجر کرتے تھے تاہم ایسا کرنے کے لیے انہیں لازمی طور پر میسینجر کی ایپلی کیشن فون میں ڈاؤن لوڈ کرنی پڑتی تھی۔میسینجر ایپلی کیشن صارفین کو یہ سہولت بھی فراہم کرتی تھی کہ اگر صارف چاہیں تو اسی ایپ کو ڈفالٹ میسیجنگ ایپ بنائیں، جس کے بعد موبائل پر موصول ہونے والے عام پیغامات بھی اسی ایپلی کیشن پر نظر آتے تھے۔تاہم حال ہی میں فیس بک انتظامیہ نے میسینجر کو فیس بک میں ضم کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد موبائل صارفین کو سہولت فراہم کرنا تھا۔
اب صارفین میسینجر ایپلی کیشن کو موبائل میں ڈاؤن لوڈ کیے بغیرہی فیس بک کا انباکس استعمال کر سکتے ہیں۔میسینجر کے فیس بک میں ضم ہونے پر کئی صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے سال 2023 کی پہلا اچھا فیچر قرار دیا۔
واٹس ایپ ، انٹرنیٹ کے بغیر بھی چلانا ممکن!