سرینگر /پرویز احمد /جموں صوبے میں ڈینگی سے ایک اورمتاثر شخص فوت ہوگیا اور اس طرح ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 10ہوگئی ہے۔جموں صوبے میں وبائی بیماریوں کے ڈیوژنل نوڈل آفیسر ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ سنیچر کو ڈینگی کیلئے جموں صوبے میں363ٹیسٹ کئے گئے جن میں 126افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔ڈاکٹر ہر جیت رائے نے کہا کہ جموں صوبے میں مجموعی طور پر 16ہزار 491ٹیسٹ کئے گئے جن میں 31فیصد یعنی 5131افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر ہر جیت رائے نے بتایا کہ ڈینگی کے90فیصد معاملات ضلع جموں سے سامنے آئے ہیں۔ ڈاکٹر رائے نے بتایا کہ جموں صوبے کے اضلاع میں ڈینگی کے 5131مریضوں میں 90فیصد یعنی 4600ہزار جموں صوبے سے ہے جبکہ دیگر اضلع میں سانبہ سے 165، کٹھوعہ سے75، ادھم پور سے335، ریاسی سے90، راجوری سے 47، پونچھ سے30، ڈوڈہ سے 125، رام بن سے 29، کشتواڑ سے 30 اور کشمیر کے چھ کے علاوہ دیگر ریاستوں سے 40 کیس شامل ہیں۔نوڈل افیسر کا کہنا تھا کہ جموںصوبے کے کئی اضلاع میں ضرورت پڑنے پر کیمائی ادویات کا چھڑکائو کیا جارہا ہے اورعوامی جانکاری مہم کے تحت لوگوں کو ڈینگی اور ڈینگی سے بچائو کے طریقوں کے باری میں جانکاری دی جارہی ہے جو فی الحال جاری رہے گی۔