پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میں بدھ کو مزید 160ڈینگی مریضوں کی تصدیق کے بعد متاثرین کی تعداد 4800کے پار ہوگئی ہے جبکہ ابتک ڈینگی سے 7افراد کی موت ہوئی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ پچھلے 2دنوں سے دیوالی کی وجہ سے لیبارٹریاں بند تھی لیکن پھر بھی پہلے دن 91جبکہ دیوالی کے دوسرے دن 35افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔ ڈاکٹر ہر جیت رائے کا کہنا تھا کہ جموں صوبے میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 4800سے پار ہوگئی ہے جبکہ 7افراد کی جان بھی گئی ہے۔ نوڈل آفیسر کا کہنا تھا کہ دیوالی کی وجہ سے کیسوں کی تعداد کم ہوگئی ہے لیکن گذشتہ ہفتہ ہر روز 200افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ابتک 16000ٹیسٹ کئے گئے جن میں 4800سے زائد کیسوں کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ ڈینگی کے 4800مریضوں میں 90فیصد یعنی 4000ہزار جموں صوبے سے ہے جبکہ دیگرضلع میں سانبہ سے 154، کٹھوعہ سے 64، ادھم پور سے 320، ریاسی سے 83، راجوری سے 47، پونچھ سے 22، ڈوڈہ سے 116، رام بن سے 29، کشتواڑ سے 13 اور کشمیر کے چھ کے علاوہ دیگر ریاستوں سے 12 کیس شامل ہیں۔ ڈاکٹر رائے نے بتایا کہ اس سال ڈینگی کیسوں کی تعداد میں 100گنا اضافہ ہوگا ہے جبکہ اس سے قبل سال 2013میں سب سے زیادہ 1837معاملات سامنے آئے تھے۔